
جئے رام رمیش / آئی اے این ایس
پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیے جانے کے بعد سے سیاسی ہلچل اچانک بہت بڑھ گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انتخابی حلقوں کی حد بندی سے متعلق بل اور خاتون ریزرویشن بل کو اس پارلیمانی اجلاس میں منظوری مل سکتی ہے۔ مرکز کی مودی حکومت ان دونوں بلوں کو پاس کرانے کے لیے پورا زور لگا رہی ہے، حالانکہ کانگریس نے برسراقتدار طبقہ کی طرف سے پھیلائی جا رہی ایک خبر کو ’جھوٹ پر مبنی‘ قرار دیا ہے۔ خاتون ریزرویشن بل سے متعلق کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ تو پہلے ہی پارلیمنٹ سے منظور ہو چکا ہے، ضرورت فوراً اس کے نفاذ کی ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس معاملہ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی سازشی جوڑی ہمیشہ کی طرح جھوٹ پھیلا رہی ہے۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن دینے والا ’ناری شکتی وندن ادھینیم‘ ستمبر 2023 میں پارلیمنٹ میں اتفاق رائے سے پاس ہوا تھا۔ کانگریس صدر نے اسے فوراً نافذ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن ان کے مطالبہ کو مسترد کر دیا گیا اور 16 اپریل 2026 کی شب 10.40 بجے تک قانون سے متعلق نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا تھا، جسے بعد میں اچانک جاری کر دیا گیا۔‘‘
جئے رام رمیش کے مطابق مذکورہ بالا عمل سے پوری طرح واضح ہے کہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس خاتون ریزرویشن کے لیے نہیں طلب کیا گیا ہے۔ خاتون ریزرویشن تو پہلے سے ہی قانون بن چکا ہے، لیکن مودی-شاہ کی جوڑی نے اسے 3 سال سے زیادہ وقت سے ٹھنڈے بستے میں ڈال رکھا ہے۔ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ ’’خصوصی اجلاس کا اصل مقصد انتخابی حلقوں کی منمانے ڈھنگ سے حد بندی کرنا ہے تاکہ لوگوں کی آواز دبائی جا سکے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔