قومی خبریں

ٹائیگر شراف نہیں کسی اور کی جان لینا چاہتے تھے حملہ آور، پولیس پوچھ گچھ میں اہم انکشاف

ملزمین نے بتایا کہ وہ کسی بڑی مشہور شخصیت کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جب وہ اپنے پہلے سے طے شدہ ہدف تک نہیں پہنچ سکے تو انہوں نے ٹائیگر شراف کو نشانہ بنایا۔

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

 

بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف پر حملے کے معاملے میں گرفتار ملزمین نے اہم انکشاف کیا ہے۔ ان سے فائرنگ معاملے میں سنجیدگی سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے بتایا کہ ان کا اصل نشانہ ٹائیگر شراف نہیں تھے، بلکہ وہ کسی اور بڑی مشہور شخصیت کو قتل کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کسی بڑی مشہور شخصیت کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جب وہ اپنے پہلے سے طے شدہ ہدف تک نہیں پہنچ سکے تو انہوں نے ٹائیگر شراف کو نشانہ بنایا۔ جب حملہ آوروں نے ٹائیگر پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تو انہوں نے اداکار کی سیکورٹی کے بارے میں تفصیل سے معلومات حاصل کیں۔ انہیں پتہ چلا کہ ٹائیگر عام طور پر بغیر سیکورٹی کے سفر کرتے ہیں۔ انہیں یہ معلومات ٹائیگر کے مداحوں کی جانب سے شیئر کی جانے والی ’انسٹاگرام‘ ریلز سے ملی تھیں۔ اس طرح انہوں نے ٹائیگر کو آسانی سے نشانہ بنا لیا۔

پولیس کی جانچ میں یہ بھی سامنے آیا کہ حملہ آوروں نے بالی ووڈ میں دہشت پھیلانے کے لیے ٹائیگر شراف کو نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے ٹائیگر کو قتل کرنے کی سازش رچی تھی، تاہم خوش قسمتی سے اداکار کو صرف معمولی چوٹیں آئیں۔ ملزمین مسلسل اداکار کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ فی الحال معاملے کی پولیس تحقیقات جاری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اتوار (18 اکتوبر) کی شام کو ٹائیگر شراف جوہو کے ایک میدان میں فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد اپنی کار میں سوار ہو کر باہر نکل رہے تھے، تبھی سڑک پر موٹر سائیکل سوار 3 نوجوانوں نے ان پر حملہ کردیا۔ ایک نوجوان نے ان کی کار پر 7 راؤنڈ فائرنگ کی۔ حملے میں ٹائیگر شراف کے ڈرائیور کے ہاتھ میں گولی لگی اور ایک دیگر شخص بھی زخمی ہوگیا، جبکہ ٹائیگر شراف کے ہاتھ، کندھے اور سینے پر معمولی چوٹیں آئیں۔ حملے کے بعد ٹائیگر خود کار چلا کر اپنے ڈرائیور کو اسپتال لے کر پہنچے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔