
آئی اے این ایس
تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کے پہلے مرحلے میں کانگریس حمایت یافتہ امیدواروں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ جمعرات کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے بعد سامنے آنے والے نتائج سے واضح ہوا کہ ریاست کی حکمراں کانگریس پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو دیہی علاقوں میں عوام کی جانب سے بھرپور حمایت ملی۔ غیر جماعتی بنیاد پر منعقد ہونے والے ان انتخابات میں اگرچہ امیدواروں کو پارٹی نشان نہیں دیا گیا تھا، تاہم سیاسی وابستگیوں نے نتائج پر نمایاں اثر ڈالا۔
Published: undefined
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کانگریس حمایت یافتہ امیدواروں نے 1924 سرپنچ نشستیں اپنے نام کیں، جس کے بعد بی آر ایس 975 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور بی جے پی 156 نشستیں جیت کر تیسرے نمبر پر رہی۔ دیگر امیدواروں نے 428 گرام پنچایتوں میں کامیابی حاصل کی۔ ٹی پی سی سی کے صدر مہیش کمار گوڑ نے نتائج کو حکومت کی کارکردگی پر عوام کے اعتماد کا مظہر قرار دیا۔
Published: undefined
پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 3834 سرپنچ عہدوں کے لیے صبح 7 بجے سے دوپہر 1 بجے تک پولنگ ہوئی، جس کے بعد دوپہر 2 بجے سے گنتی کا عمل شروع ہوا۔ رات 10 بجے تک 3478 گرام پنچایتوں کے نتائج جاری کر دیے گئے۔ اس مرحلے میں 84.28 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی، جو دیہی علاقوں میں انتخابی جوش و خروش کی نشاندہی کرتی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 12960 امیدوار سرپنچ کے لیے جبکہ 65455 امیدوار وارڈ ممبر کے عہدوں کے لیے میدان میں تھے۔ ریاست کے 189 منڈلوں میں قائم 37562 پولنگ اسٹیشنوں پر 56 لاکھ سے زائد ووٹرز کو حق رائے دہی حاصل تھا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ 396 سرپنچ اور 9633 وارڈ ممبر بلا مقابلہ منتخب قرار پائے، جبکہ ایک گرام پنچایت اور 10 وارڈ نشستوں پر عدالتی حکم کے باعث انتخاب نہیں ہو سکا۔
Published: undefined
پولنگ کے دوران امن و امان یقینی بنانے کے لیے ایک لاکھ سے زیادہ انتخابی عملہ اور 50 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔ 3,461 گرام پنچایتوں میں براہِ راست ویب کاسٹنگ کے ذریعے ووٹنگ کی نگرانی کی گئی۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق پنچایت انتخابات تین مرحلوں میں 11، 14 اور 17 دسمبر کو منعقد ہوں گے، جن میں مجموعی طور پر 12728 سرپنچ اور 112242 وارڈ ممبر منتخب کیے جائیں گے۔ حکومت نے مرکز سے موصولہ 3000 کروڑ روپے کی گرانٹ کے استعمال کے پیش نظر فی الحال صرف گرام پنچایت انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
Published: undefined