قومی خبریں

تلنگانہ: تمام اہل افراد میں بَکروں کی تقسیم ہوگی، وزیر افزائش مویشیاں

ٹی سرینواس یادو نے واضح کیا ہے کہ تمام اہل افراد میں بکروں کی تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کے علاقہ مان صاحب ٹینک میں محکمہ افزائش مویشیاں کے ڈائریکٹر کے دفتر میں بعض پروگراموں میں شرکت کی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو نے واضح کیا ہے کہ تمام اہل افراد میں بکروں کی تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کے علاقہ مان صاحب ٹینک میں محکمہ افزائش مویشیاں کے ڈائریکٹر کے دفتر میں بعض پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے سمندری غذا، ڈیری انڈسٹری کے محکمہ جات سمیت سنیماٹوگرافی کے دفتر کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب سے سرکاری دفتر یہاں سے کام کرے گا۔

یادو نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ متحدہ آندھراپردیش میں سمندری غذا، افزائش مویشیاں جیسے محکمہ جات کے ساتھ لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔ ان محکمہ جات کے لئے پیشرو حکومتوں نے مناسب بجٹ بھی الاٹ نہیں کیا تھا تاہم ٹی آر ایس حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے ہر ایک کی بہتر زندگی کے لئے اقدامات کیے۔ حکومت نے 7.8لاکھ بکروں کی تقسیم کی جس کے نتیجہ میں ریاست میں بکروں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔

18سال کی عمر مکمل کرنے والے اہل افراد میں بکروں کی تقسیم کی حکومت کا ہدف ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے بکرے جن کی موت ہوگئی ہے، ان کی جگہ دوسرے بکرے دیوالی تک دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیتے ہوئے بہتر بکروں کی تقسیم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بعض لیڈران اپنی خود کی ڈیریز قائم کرتے ہوئے وجئے ڈیری کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔وزیر موصوف نے سنیما کے ٹکٹس کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں سنیما ٹکٹس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ سرکاری ویب سائٹ کے ذریعہ سنیما ٹکٹس کی فروخت کے اقدامات کیے جائیں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 03 Oct 2019, 2:57 PM IST