قومی خبریں

تلنگانہ میں کابینہ میں توسیع، ریونت ریڈی نے تین نئے وزیروں کو شامل کیا

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اپنی کابینہ میں تین نئے وزیروں کو شامل کیا۔ جی ویویک وینکٹ سوامی، ادلوری لکشمن کمار اور واکیتی سری ہری نے حلف لیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

 

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے اتوار کے روز اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے تین نئے وزیروں کو شامل کر لیا۔ جی ویویک وینکٹسوامی، ادلوری لکشمن کمار اور واکیتی سری ہری نے راج بھون میں وزیر کے طور پر حلف لیا۔ ان سے حلف ریاست کے گورنر جشنو دیو ورما نے لیا۔

حلف برداری کی اس تقریب میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے علاوہ ان کے وزارتی رفقا، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے صدر مہیش کمار گوڑ اور ریاستی افسران موجود تھے۔ جی ویویک وینکٹسوامی نے انگریزی زبان میں حلف لیا جبکہ دیگر دو وزرا نے تلگو زبان میں حلف لیا۔

Published: undefined

یہ کابینہ میں پہلی توسیع ہے، کیونکہ 7 دسمبر 2023 کو صرف 11 وزیروں اور وزیر اعلیٰ نے حلف لیا تھا۔ کافی عرصے سے ملتوی اس توسیع کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کی منظوری کے بعد حتمی شکل دی گئی۔

اگرچہ ریاست میں کابینہ میں مزید وزیروں کی گنجائش موجود ہے، تاہم پارٹی نے اس وقت صرف تین نئے وزرا کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں وزیر اعلیٰ سمیت 18 وزیروں کی اجازت ہے۔ جی ویویک وینکٹسوامی سابق رکن پارلیمان اور سابق مرکزی وزیر جی وینکٹسوامی کے بیٹے ہیں۔ وہ دلت برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ ادلوری لکشمن کمار بھی دلت ہیں جبکہ واکیتی سری ہری پسماندہ طبقات (بی سی) سے آتے ہیں۔

Published: undefined

ویویک وینکٹسوامی نے 2023 کے اسمبلی انتخابات سے کچھ ہفتے قبل بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 2009 میں وہ پڈاپلی سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔ بعد ازاں تلنگانہ ریاست کے مطالبے پر انہوں نے کانگریس سے دباؤ بنانے کے لیے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔

2014 میں تلنگانہ بل کی منظوری کے بعد وہ دوبارہ کانگریس میں آئے لیکن 2016 میں پھر ٹی آر ایس میں شامل ہو گئے۔ 2019 میں پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے حکومت کے مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور بی جے پی میں چلے گئے، تاہم نومبر 2023 میں دوبارہ کانگریس کا دامن تھاما۔ وہ اس وقت منچریال ضلع کی چننور سیٹ سے ایم ایل اے ہیں، جہاں انہوں نے بی آر ایس کے امیدوار بالکا سومن کو شکست دی۔

Published: undefined

اڈلوری لکشمن کمار کانگریس کے سینئر رہنما ہیں اور جگتیال ضلع کے دھرماپوری حلقے سے پہلی مرتبہ اسمبلی میں پہنچے ہیں۔ واکیٹی سری ہری نے سیاست کا آغاز یوتھ کانگریس سے کیا اور گزشتہ تین دہائیوں سے پارٹی سے وابستہ ہیں۔ وہ نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل حلقے سے رکن اسمبلی ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ محبوب آباد کے دورناکال اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی رام چندر نائیک کو اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر مقرر کیا جائے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined