قومی خبریں

تلنگانہ اور آندھرا پردیش دریائے کرشنا کے پانی تنازعہ پر مصالحت کے ذریعہ حل نکالے: چیف جسٹس این وی رمنا

چیف جسٹس این وی رمنا نے حکومت آندھرا پردیش کی طرف سے رجوع ہونے والے وکیل دُشینت دوے سے کہا کہ ”میرا تعلق دونوں ریاستوں سے ہے اور میں قانونی طور پر اس معاملہ کی سماعت نہیں کرنا چاہتا۔‘‘

جسٹس این وی رمنا / آئی اے این ایس
جسٹس این وی رمنا / آئی اے این ایس IANS_ARCH

حیدرآباد: سپریم کورٹ نے دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پینے اور آبپاشی کے مقاصد کے لئے دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر پیدا شدہ تنازعہ کا قابل قبول طریقہ سے حل نکالے۔ اس معاملہ کی سماعت چیف جسٹس این وی رمنا کی زیر قیادت بنچ نے کی جن کی پیدائش متحدہ آندھراپردیش میں ہوئی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے وضاحت کی کہ وہ اس معاملہ کے قانونی مسائل پر فیصلہ نہیں دے سکتے، تاہم اگر دونوں ریاستیں مذاکرات کے ذریعہ اس تنازعہ کی یکسوئی کرنا چاہتی ہیں تو بنچ اس میں مصالحت کار کا رول ادا کرسکتی ہے۔

Published: undefined

چیف جسٹس نے حکومت اے پی کی طرف سے رجوع ہونے والے وکیل دُشینت دوے سے کہا ”میرا تعلق دونوں ریاستوں سے ہے اور میں قانونی طور پر اس معاملہ کی سماعت نہیں کرنا چاہتا۔ تاہم اگر مصالحت کے ذریعہ اس معاملہ کا حل نکالا جاسکتا ہے تو ایسا کیجئے بصورت دیگر ہم کو اس معاملہ کی سماعت دوسری بنچ کے حوالے کرنی پڑے گی“۔

Published: undefined

دوے نے اپنی عرضی میں الزام لگایا کہ تلنگانہ حکومت دریائے کرشنا کے پانی کے قانونی حق سے اے پی کے عوام کو محروم کر رہی ہے۔ دوے نے چیف جسٹس کے ریمارکس پر کہا کہ انہیں اس تعلق سے اے پی حکومت سے بات کرنی پڑے گی کیونکہ یہ ایک سیاسی معاملہ بھی ہے۔ دوے نے حال ہی میں آسام اور میزورم کے درمیان سرحد کے تنازعہ کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں اس طرح کی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہئے۔

Published: undefined

تلنگانہ کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے سینئر وکیل سی ایچ ویدیاناتھ نے بنچ جس میں جسٹس سوریہ کانت بھی تھے سے کہا کہ مرکزی حکومت نے اس معاملہ میں مداخلت کی ہے اور عدالت کے فیصلہ کے لئے کچھ بھی نہیں بچا ہے۔ اس پر جسٹس رمنا نے دونوں ریاستوں کے وکلا سے خواہش کی کہ وہ اپنے موکلین کو کسی بھی تیسرے فریق کے بغیر اس معاملہ کے قابل قبول حل کے لئے راغب کروائے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined