قومی خبریں

تلنگانہ: ڈیٹنگ ایپ پر جعلساز کے چنگل میں پھنس کر 27 سالہ نوجوان نے گنوائے 5 کروڑ سے زائد روپے!

متاثرہ نوجوان اگست 2025 میں ایک آن لائن ڈیٹنگ ایپ پر خود کو دِشا بتانے والی ایک لڑکی کے رابطے میں آیا۔ دِشا نے خود کو سافٹ ویئر پروفیشنل بتایا اور دونوں اکثر چیٹ کرنے لگے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

تلنگانہ کے حیدرآباد میں ایک 27 سالہ نوجوان کے ساتھ ڈیٹنگ ایپ کے ذریعہ دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جعلساز نے ڈیٹنگ ایپ پر خاتون بن کر نوجوان سے بات کی اور بعد میں اسے بلیک میل کیا۔ اس کی ذاتی چیٹ اس کے اہل خانہ کو بھیجنے اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی دھمکی دے کر 5 کروڑ روپے سے زیادہ وصول کر لیے۔ متاثرہ نوجوان کی شکایت کے بعد تلنگانہ سائبر سکیورٹی بیورو (ٹی جی سی ایس بی) نے معاملہ درج کر لیا۔ رپورٹس کے مطابق حیدرآباد میں رہنے والا متاثرہ نوجوان اگست 2025 میں ایک آن لائن ڈیٹنگ ایپ پر خود کو دشا بتانے والی ایک لڑکی کے رابطے میں آیا۔ دشا نے خود کو سافٹ ویئر پروفیشنل بتایا اور دونوں اکثر چیٹ کرنے لگے۔ اعتماد قائم ہونے کے بعد نوجوان نے اس کے ساتھ اپنی ذاتی معلومات شیئر کیں۔

شکایت کنندہ نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے پہلے اپنے والد کی موت اور آخری رسومات کے اخراجات کا حوالہ دے کر رقم مانگی۔ نوجوان نے بتایا کہ اس نے کئی یو پی آئی ٹرانزیکشن کے ذریعے 4.3 لاکھ روپے منتقل کیے۔ جب ملزم نے رقم واپس نہیں کی تو متاثرہ نوجوان نے مزید رقم دینے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد ملزم نے نوجوان کو بتایا کہ وہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی سے ہے اور اس کا اصل نام علینہ ہے۔ اس کے بعد نوجوان کو دھمکی دی گئی کہ اگر اس نے رقم نہیں دی تو اس کی ذاتی چیٹ وائرل کر دی جائے گی۔ اس کے بعد متاثرہ نوجوان نے اس کا نمبر بلاک کر دیا۔ کئی ماہ بعد جولائی 2026 میں ملزم نے مبینہ طور پر دوبارہ اس سے رابطہ کیا اور دعویٰ کیا کہ اس کی ماں ’برین بلڈ کلاٹ‘ کے باعث اسپتال میں داخل ہے۔ اس کے ساتھ ہی دھمکیاں بھی جاری رہیں۔ ملزم نے اپنی چیٹ کو خفیہ رکھنے کے بدلے رقم مانگی۔

نوجوان کی ذاتی چیٹ اس کے اہل خانہ کے ساتھ شیئر کرنے اور اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی دھمکی دے کر جعلساز نے جولائی سے 15 ستمبر کے درمیان کروڑوں روپے وصول کر لیے۔ متاثرہ نوجوان نے 241 بار رقم منتقل کی۔ زیادہ تر ٹرانسفر آن لائن کیے گئے، لیکن ستمبر میں نوجوان نے 4 مواقع پر جعلساز کو 77 لاکھ روپے نقد دیے۔ متاثرہ نوجوان نے اپنی سیونگس، اہل خانہ کی سیونگس اور ایک فلیٹ فروخت کرنے سے حاصل رقم سے 5 کروڑ روپے سے زیادہ کی ادائیگی کی۔ رقم دینے کے بعد بھی جب دھمکیاں جاری رہیں تو متاثرہ نوجوان نے اپنے خاندان کو بتایا اور 19 ستمبر کو نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل پر شکایت درج کرائی۔ تلنگانہ سائبر سیکورٹی بیورو نے معاملہ درج کر لیا ہے اور ملزم کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔