
تمل ناڈو میں تشدد رُکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ مظاہرین کے ذریعہ توتیکورِن میں جنرل اسپتال کے باہر آج ایک اور بس کو نذرِ آتش کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
تمل ناڈو کے توتیکورن میں ودانتا گروپ کی کمپنی اسٹر لائٹ کو بند کرانے کے مطالبہ کو لے کر ہوئے پر تشدد مظاہرے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔ پولس فائرنگ میں 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نے جائے وقوعہ پر ابھی تک دفعہ 144 کا نفاذ کیا ہوا ہے جبکہ ہم سایہ اضلاع سے 2000 سے زائد پولس اہلکاروں کو توتیکورن بھیجا گیا ہے۔
دوسری طرف پولس فائرنگ کے اس واقعہ پر ملک بھر میں ہلچل نظر آ رہی ہے۔ وئیکو نے اسپتال پہنچ کر زخیوں کی عیادت کی اور کمل ہاسن بھی متاثرین سے ملاقات کے لئے توتیکورن پہنچے۔
پولس فائرنگ میں ہلاک ہونے والے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ پولس فائرنگ سے زخمی ہوئے تقریباً 20 افراد میں سے 9 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے بدھ کے روز بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے نقل و حمل کی اجازت نہیں دی۔ دوسرے طرف ٹریڈ یونینوں نے ہڑتال کی کال دی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 May 2018, 2:15 PM IST