
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ جوزف وجے، تصویر سوشل میڈیا بشکریہ @CMOTamilnadu
تمل ناڈو سکریٹریٹ میں ایک بڑی انتظامی تبدیلی کے تحت، وزیراعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) کو تاریخی فورٹ سینٹ جارج کمپلیکس میں واقع اپنے طویل عرصے سے قائم دفتر سے ’نامکل کوگنر مالگئی‘ (این کے ایم) میں منتقل کیا جائے گا۔ نئے کمپلیکس کو تیار کرنے کے لیے تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ منتقلی 2011 کے بعد سکریٹریٹ کے کام کاج میں سب سے اہم تبدیلیوں میں سے ایک مانا جا رہا ہے۔ اس وقت آنجہانی جے جے للیتا کی قیادت والی اے آئی اے ڈی ایم کے حکومت نے اہم محکموں کو دوبارہ فورٹ سینٹ جارج منتقل کر دیا تھا، جس سے گزشتہ ڈی ایم کے حکومت کے نو تعمیر شدہ اومندورار گورنمنٹ اسٹیٹ سے سکریٹریٹ چلانے کے فیصلے کو پلٹ دیا گیا تھا۔
افسران کے مطابق اس فیصلے کی بنیادی وجہ موجودہ وزیراعلیٰ کے دفتر میں جگہ کی شدید کمی ہے۔ وزیراعلیٰ سی جوزف وجے کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ان سے ملنے آنے والے افسران، زائرین اور مختلف وفود کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث موجودہ دفتر پر کافی دباؤ تھا۔ حالانکہ اس منتقلی کے حوالے سے دیگر وجوہات کے بارے میں بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، لیکن سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد انتظامی کارکردگی کو بڑھانا اور آنے والوں کے بہتر انتظام کو یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ اب تک فورٹ سینٹ جارج کی مرکزی عمارت کی پہلی منزل سے کام کاج کر رہے تھے، جہاں وزیراعلیٰ کا دفتر گزشتہ 6 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے چل رہا ہے۔ نئے منصوبہ کے تحت، وزیراعلیٰ کے دفتر کو ’نامکل کوگنر مالگئی‘ کی 10ویں منزل پر قائم کیا جائے گا۔ محکمہ پبلک ورکس (پی ڈبلوی ڈی) نے اس منتقلی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ کا نیا دفتر 10ویں منزل پر واقع موجودہ ڈائننگ ہال میں بنایا جائے گا، جو کانفرنس روم کے بالکل ساتھ واقع ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈائننگ ہال میں موجود فرنیچر، فکسچر اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو ہٹا کر کلائیوانار ارنگم منتقل کیا جا رہا ہے، تاکہ نئے دفتر کے لیے جگہ بنائی جا سکے۔ اس تبدیلی کی وجہ سے 10ویں منزل پر کام کرنے والے کئی سرکاری محکموں کو بھی دوسری جگہ منتقل کرنا ہوگا۔
انفارمیشن اینڈ تمل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ، ہوم (پرہیبیشن) ڈپارٹمنٹ اور کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے کچھ حصے وزیر اعلیٰ کے دفتر کے قیام کے لیے منتقل کیے جائیں گے۔ افسران نے بتایا کہ انفارمیشن اینڈ تمل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کو کلائیوانار ارنگم میں منتقل کیا جائے گا، جبکہ دیگر محکموں کو فورٹ سینٹ جارج سکریٹریٹ کمپلیکس کے اندر ہی دوسری جگہوں پر ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
10 منزلہ سکریٹریٹ اینیکس نامکل کوگنر مالگئی فی الحال 34 سرکاری محکموں کے سکریٹریوں اور مختلف شعبوں کا دفتر ہے، جس کی وجہ سے اسے ریاست کے اہم ترین انتظامی مراکز میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ اس عمارت کی تعمیر ’پارسن فاؤنڈیشن اینڈ انجینئرنگ کمپنی‘ نے کی تھی اور اس کا افتتاح 1975 میں اس وقت کے وزیراعلیٰ ایم کروناندھی نے کیا تھا۔ اس کے بعد سے اس عمارت کی کئی بار تزئین و آرائش کی جا چکی ہے۔
مجوزہ منتقلی کو تمل ناڈو سکریٹریٹ کی انتظامی تاریخ میں ایک اور اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ 2 دہائیوں میں سکریٹریٹ کئی بار منتقل ہو چکا ہے۔ ان میں سب سے نمایاں تبدیلی 2010 میں ہوئی تھی، جب ڈی ایم کے حکومت نے سکریٹریٹ کو اومندورار گورنمنٹ اسٹیٹ کمپلیکس میں منتقل کیا تھا۔ حالانکہ ایک سال بعد اقتدار میں آنے والی اے آئی اے ڈی ایم کے حکومت سکریٹریٹ کو دوبارہ فورٹ سینٹ جارج میں واپس لے آئی اور اومندورار کمپلیکس کو ایک ملٹی اسپیشلٹی سرکاری اسپتال میں تبدیل کر دیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔