قومی خبریں

دہلی- این سی آر میں سوائن فلو کے معاملے مسلسل بڑھ رہے، اسپتالوں کے لیے ایمرجنسی ایڈوائزری جاری

محکمۂ صحت نے اسپتالوں کو ہدایت دی ہے کہ سوائن فلو اور ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی شناخت کے سلسلے میں خصوصی احتیاط برتی جائے۔

سوائن فلو
سوائن فلو 

قومی راجدھانی دہلی اور قرب و جوار میں موسمی تبدیلی کے ساتھ ساتھ موسمی بیماریوں کے اثرات بھی بڑھ رہے ہیں۔ دہلی میں سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔  محکمۂ صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گوتم بدھ نگر میں اب تک سوائن فلو کے کل 192 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد کے مدنظر محکمۂ صحت نے اسپتالوں اور طبی اداروں کے لیے ایمرجنسی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ ضلع میں ڈینگو کے معاملے بھی بڑھے ہیں اور اب تک 48 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمۂ صحت نے اسپتالوں کو ہدایت دی ہے کہ سوائن فلو اور ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی شناخت کے سلسلے میں خصوصی احتیاط برتی جائے۔ اسپتالوں میں آنے والے ایسے مریض، جنہیں تیز بخار، کھانسی، گلے میں خراش، سانس لینے میں دشواری، بدن میں درد یا شدید کمزوری جیسی علامت ظاہر ہو رہی ہوں، ان کا طبی معائنہ ترجیحی بنیاد پر کیا جائے۔ شدید علامت والے مریضوں کی حالت پر مسلسل نظر رکھنے اور ضرورت پڑنے پر انہیں اعلیٰ طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

سوائن فلو کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر اسپتال انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ انفیکشن سے بچاؤ کے اقدامات مؤثر طریقے سے نافذ کیے جائیں۔ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی مشتبہ مریضوں کے علاج کے دوران ضروری احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اسپتالوں میں ادویات، جانچ کی سہولیات اور ضروری طبی وسائل کی دستیابی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈینگی کے 48 معاملات سامنے آنے کے بعد محکمۂ صحت نے مچھروں کی روک تھام اور لاروا کنٹرول مہم کو بھی تیز کرنے کی تیاری کی ہے۔ محکمۂ صحت کی ٹیمیں ایسے مقامات کا معائنہ کر رہی ہیں، جہاں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ڈینگی پھیلانے والے مچھروں کی افزائش کا خدشہ رہتا ہے۔ ساتھ ہی لوگوں سے گھروں اور آس پاس پانی جمع نہ ہونے دینے کی اپیل کی جا رہی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق بدلتے موسم میں وائرل انفیکشن تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ ایسے میں لوگوں کو بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر خصوصی احتیاط برتنے، کھانستے یا چھینکتے وقت منہ اور ناک ڈھانپنے اور ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ بخار یا فلو جیسی علامت ظاہر ہونے پر خود سے دوا لینے کے بجائے ڈاکٹر سے مشورہ کرنے کو کہا گیا ہے۔ محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ سوائن فلو اور ڈینگی کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر نگرانی مسلسل بڑھائی جا رہی ہے۔ اسپتالوں سے مریضوں کی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں اور صورتحال کے مطابق ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ گھبرانے کے بجائے احتیاط برتیں اور علامت ظاہر ہونے پر بروقت طبی مشورہ لیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔