قومی خبریں

سپریم کورٹ نے جاری کیا حکم، پیکٹ بند غذائی اشیاء پر چسپاں کیا جائے گا انتباہی لیبل

جسٹس جے بی پارڈی والا اور جسٹس کے ونود چندرن پر مشتمل بنچ نے کہا کہ نمک، کل شکر اور سیچوریٹڈ فیٹ کی زیادہ سے زیادہ حد نئے سرے سے مقرر کی جائے۔

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ آف انڈیا</p></div>

سپریم کورٹ آف انڈیا

 

پیکٹ بند غذائی اشیاء میں نمک، چینی اور سیچوریٹڈ فیٹ کی زیادہ مقدار سے متعلق اب صارفین کو پیکٹ پر ہی انتباہ دیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) سے انتباہی لیبل کے قواعد تیار کرنے کو کہا ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ غذائی اشیا میں موجود کل شکر اور سیچوریٹڈ فیٹ کو انتباہ کی بنیاد بنایا جائے، نہ کہ صرف الگ سے شامل کی گئی چینی اور چکنائی کو۔ جسٹس جے بی پارڈی والا اور جسٹس کے ونود چندرن پر مشتمل بنچ نے کہا کہ نمک، کل شکر اور سیچوریٹڈ فیٹ کی زیادہ سے زیادہ حد نئے سرے سے مقرر کی جائے۔ انتباہ کے لیے مقرر کردہ حد نہ تو اتنی کم ہو کہ ہر غذائی شے کے پیکٹ پر انتباہ چھاپنا پڑے اور نہ ہی اتنی زیادہ ہو کہ صحت کے لیے نقصان دہ مقدار بھی اس کے دائرے سے باہر رہ جائے۔

عدالت نے ہدایت دی ہے کہ پیکٹ کے مرکزی حصے پر 3 الگ الگ ہیکساگون بنائے جائیں۔ ان پر بالترتیب ہائی فیٹ، ہائی شوگر اور ہائی سالٹ لکھا ہو۔ ہر ہیکساگون پیکٹ کے مرکزی ڈسپلے حصے کا کم از کم 4 سے 5 فیصد حصہ گھیرے۔ اس کے اندر لکھے الفاظ کا فونٹ اتنا بڑا اور واضح ہونا چاہیے کہ صارفین آسانی سے پڑھ سکیں۔ بنچ نے بچوں اور عام لوگوں کو پیکٹ بند غذائی اشیا میں موجود غذائی اجزا اور ان کی صحت پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بیدار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سپریم کورٹ نے ایف ایس ایس اے آئی کو ان ہدایات کی بنیاد پر مسودہ قواعد و ضوابط تیار کرنے اور متعلقہ فریقین سے تجاویز اور اعتراضات طلب کرنے کو کہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی قواعد کو جلد از جلد حتمی شکل دے کر نوٹیفائی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ اس معاملے میں 10 ہفتے بعد اگلی سماعت ہوگی۔ اس دن عدالت دریافت کرے گی کہ مسودہ قواعد تیار کیا گیا یا نہیں۔ یہ معاملہ پیکٹ کے اگلے حصے پر انتباہی لیبل (ایف او پی ایل) نافذ کرنے سے متعلق ہے۔ 3 ایس اینڈ آور ہیلتھ سوسائٹی نامی ادارے نے عرضی دائر کرکے پیکٹ بند غذائی اشیا میں نمک، چینی اور چکنائی کی زیادہ مقدار کے بارے میں صارفین کو واضح انتباہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اس نظام کو نافذ کرنے میں لاپروائی برتنے پر پہلے بھی ایف ایس ایس اے آئی کی سخت سرزنش کی تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔