قومی خبریں

مہاراشٹر ایشو: سپریم کورٹ نے کل شام 5 بجے تک فلور ٹسٹ کا دیا حکم، فڑنویس مشکل میں

شیوسینا ترجمان نواب ملک نے مہاراشٹر تنازعہ پر سپریم کورٹ کے صادر فیصلہ پر خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’سپریم کورٹ نے آج جو فیصلہ سنایا وہ ہندوستانی جمہوریت میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مہاراشٹر میں ایک مہینے سے بھی زیادہ مدت سے چل رہے سیاسی ڈرامے کے درمیان سپریم کورٹ نے آج بی جے پی کو زبردست جھٹکا دیا۔ اپنا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے کہا کہ کل یعنی بدھ کے روز شام 5 بجے تک فلور ٹسٹ ہو جانا چاہیے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ دیویندر فڑنویس کے پاس حکومت سازی کے لیے ضروری نمبر ہیں یا نہیں۔ ساتھ ہی عدالت نے حکم دیا ہے کہ فلور ٹسٹ کا براہ راست نشریہ ہو تاکہ کسی بھی طرح کی پوشیدگی نہ رہے۔ اپنا حکم سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ اس طرح کا فیصلہ اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہورس ٹریڈنگ کی کوشش کو روکا جائے۔

Published: 26 Nov 2019, 12:11 PM IST

سپریم کورٹ نے آج مہاراشٹر کے تعلق سے جو فیصلہ سنایا اس میں چار باتیں بہت اہم رہیں۔ ایک تو یہ کہ 27 نومبر کی شام 5 بجے تک فلور ٹسٹ کرایا جائے، اور اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا کہ فلور ٹسٹ پروٹیم اسپیکر کرائیں گے، فلور ٹسٹ کا براہ راست نشریہ ہوگا اور ایک بڑی بات یہ کہ سیکرٹ بیلٹ نہیں بلکہ اوپن ووٹنگ کا عمل ہوگا۔ شیوسینا، کانگریس اور این سی پی نے عدالت سے یہ مطالبہ کیا تھا کہ سیکرٹ بیلٹ نہ ہو تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو اپوزیشن کے تقریباً سبھی مطالبات سپریم کورٹ نے قبول کر لیے ہیں۔

Published: 26 Nov 2019, 12:11 PM IST

دوسری طرف اس فیصلے سے بی جے پی کی فڑنویس حکومت مشکل میں پھنستی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ فڑنویس کی طرف سے کیس لڑ رہے وکیل نے مطالبہ کیا تھا کہ انھیں اکثریت ثابت کرنے کے لیے زیادہ وقت دی جائے جسے نامنظور کر دیا گیا ہے۔ چونکہ این سی پی لیڈر اجیت پوار کے ساتھ آئے تقریباً سبھی این سی پی اراکین اسمبلی اب این سی پی سربراہ شرد پوار کے پاس واپس جا چکے ہیں، اس لیے دیویندر فڑنویس کے لیے اکثریت ثابت کرنا مشکل نظر آ رہا ہے۔ اگر فلور ٹسٹ میں بی جے پی ناکام رہی تو وزیر اعلیٰ فڑنویس کو ہی نہیں بلکہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کو بھی اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑے گا۔

Published: 26 Nov 2019, 12:11 PM IST

مہاراشٹر معاملہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد شیوسینا، کانگریس اور این سی پی کے لیڈروں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ این سی پی کے قومی ترجمان نواب ملک نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’سپریم کورٹ نے آج جو فیصلہ سنایا ہے وہ ہندوستانی جمہوریت میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ کل 5 بجے سے پہلے یہ صاف ہو جائے گا کہ بی جے پی کا کھیل ختم ہو گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ دنوں میں یہاں شیوسینا-این سی پی-کانگریس کی حکومت ہوگی۔‘‘

Published: 26 Nov 2019, 12:11 PM IST

کانگریس کے سینئر لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے عدالت عظمیٰ کے فیصلہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے میڈیا سے کہا کہ ’’مہاراشٹر میں 23 نومبر کو گورنر نے رات کی تاریکی میں دیویندر فڑنویس کو وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف دلایا تھا۔ اس کے ساتھ گورنر نے اجیت پوار کو بھی حلف دلایا تھا۔ ہم نے اتوار کو سپریم کورٹ میں ایک عرضی لگائی تھی۔ ہم شکریہ ادا کرتے ہیں کہ عدالت نے اتوار اور پیر کو اس پر سماعت کی اور آج فیصلہ دے دیا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نے عدالت سے گزارش کی تھی کہ فوراً فلور ٹسٹ کرایا جائے، جسے عدالت نے مان لیا ہے۔ کل شام 5 بجے پروٹیم اسپیکر فلور ٹسٹ کرائیں گے۔ عدالت اس کی نگرانی کرے گی۔ ہم تینوں پارٹیاں (شیوسینا، کانگریس اور این سی پی) اس فیصلے سے بہت خوش ہیں۔‘‘

Published: 26 Nov 2019, 12:11 PM IST

واضح رہے کہ منگل کو جسٹس این وی رمنّا نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ طویل مدت سے پارلیمانی روایات اور عدالت کو لے کر بحث ہوتی رہی ہے لیکن پارلیمانی روایات میں عدالت کی کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔ سماعت کے دوران عدالت میں شیوسینا لیڈر انل دیسائی، گجاجن کارتیکر، کانگریس لیڈر مکل واسنک، کے سی وینوگوپال اور پرتھوی راج چوہان موجود رہے۔ اس کے علاوہ کانگریس کی طرف سے کپل سبل، ابھشیک منو سنگھوی سمیت کئی وکیل عدالت کے اندر موجود تھے۔ بھیڑ زیادہ ہونے کی وجہ سے کورٹ روم-2 کے دروازے کھول دیے گئے تھے۔

Published: 26 Nov 2019, 12:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 26 Nov 2019, 12:11 PM IST