قومی خبریں

بھرت تیواری انکاؤنٹر: سپریم کورٹ کا عرضی پر سماعت سے انکار، ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت

بہار کے بھوجپور میں بھرت تیواری انکاؤنٹر معاملے کی سی بی آئی جانچ سے متعلق مفادِ عامہ کی عرضی پر سپریم کورٹ نے سماعت سے انکار کرتے ہوئے عرضی گزار کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دی

<div class="paragraphs"><p>سپریم کورٹ آف انڈیا</p></div>

سپریم کورٹ آف انڈیا

 

نئی دہلی: بہار کے ضلع بھوجپور میں بھرت بھوشن تیواری انکاؤنٹر معاملے کی سی بی آئی جانچ کے مطالبے پر دائر مفادِ عامہ کی عرضی پر سپریم کورٹ نے منگل کے روز سماعت سے انکار کر دیا۔ عدالتِ عظمیٰ نے عرضی گزار کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کرے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ عرضی گزار نے یہ درخواست کس حیثیت سے دائر کی ہے۔

Published: undefined

سپریم کورٹ کے وکیل وشال تیواری نے عدالتِ عظمیٰ میں مفادِ عامہ کی عرضی دائر کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ بھرت بھوشن تیواری انکاؤنٹر کی جانچ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے کرائی جائے۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ایک آزاد اور غیر جانبدار ماہرین کمیٹی تشکیل دی جائے، جو پورے معاملے کی نگرانی کرے۔ اس کے علاوہ انکاؤنٹر میں شامل پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی بھی درخواست کی گئی تھی۔

جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس شیل ناگو پر مشتمل بنچ نے عرضی پر سماعت سے انکار کرتے ہوئے عرضی گزار سے استفسار کیا کہ انہوں نے یہ عرضی کس بنیاد اور کس حیثیت سے دائر کی ہے! عدالت نے واضح کیا کہ اگر عرضی گزار کو اس معاملے میں کوئی قانونی شکایت یا مطالبہ ہے تو وہ پہلے متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کریں، جہاں اس معاملے پر مناسب قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

Published: undefined

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس معاملے میں سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا ہو۔ اس سے قبل بھی جسٹس بی وی ناگرتنا کی سربراہی والی بنچ کے سامنے اس معاملے کا ذکر کیا گیا تھا، تاہم اس وقت عدالت نے فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے عرضی گزار کو ہدایت دی تھی کہ وہ مقدمہ باقاعدہ فہرست میں شامل کرانے کے لیے سپریم کورٹ کی رجسٹری سے رابطہ کرے۔

عرضی میں کہا گیا ہے کہ 17 جون کو بھوجپور میں پیش آئے انکاؤنٹر میں 28 سالہ بھرت بھوشن تیواری کی ہلاکت کے معاملے میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔ عرضی گزار کا مؤقف ہے کہ انکاؤنٹر میں ہونے والی اموات ماورائے عدالت ہلاکتوں کے مترادف ہو سکتی ہیں اور ایسی وارداتیں قانون کی حکمرانی اور جمہوری نظام کے لیے ایک سنگین چیلنج ہیں۔ اس لیے ہر ایسے واقعے کی غیر جانبدارانہ جانچ ناگزیر ہے۔

Published: undefined

عرضی میں بھوجپور کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بھرت بھوشن تیواری کی ہلاکت فیس بک پر ایک لائیو ویڈیو نشر کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہوئی، جس میں انہوں نے مبینہ طور پر بعض مطالبات پورے ہونے کی صورت میں خودسپردگی کی خواہش ظاہر کی تھی۔ عرضی میں متوفی کے والد کاشی ناتھ تیواری کے اس دعوے کا بھی ذکر کیا گیا کہ ان کے بیٹے کے خلاف نہ کوئی مجرمانہ ریکارڈ تھا، نہ کوئی ایف آئی آر یا چارج شیٹ درج تھی، اور مبینہ طور پر ہتھیار ڈالنے کے بعد بھی اسے گولی مار دی گئی۔

عرضی کے مطابق اس واقعے کے بعد گاؤں میں احتجاج ہوا اور مقامی باشندوں نے مطالبہ کیا کہ اس بات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں کہ اگر واقعی خودسپردگی کی کوشش کی گئی تھی تو پھر جان لیوا طاقت کا استعمال کیوں اور کن حالات میں کیا گیا۔ تاہم سپریم کورٹ نے اس مرحلے پر عرضی کی سماعت سے انکار کرتے ہوئے عرضی گزار کو مناسب قانونی فورم یعنی ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دے دی۔

Published: undefined

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined