
اسکواڈرن لیڈر بھاؤنا کنٹھ، تصویر سوشل میڈیا
ہندوستانی فضائیہ کو اُس وقت ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی، جب اسکواڈرن لیڈر بھاؤنا کنٹھ نے ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ گوالیر میں واقع ’ٹیکٹکس اینڈ ایئر کامبیٹ ڈیولپمنٹ اسٹیبلشمنٹ‘ (ٹی اے سی ڈی ای) میں ’فائٹر کامبیٹ لیڈر‘ (ایف سی ایل) کورس مکمل کرنے والی پہلی خاتون پائلٹ بن گئی ہیں۔ یہ کامیابی اس لیے بھی خاص ہے کہ 20 ہفتوں پر مشتمل اس مشکل پروگرام کے لیے فضائیہ کے بہت کم پائلٹس کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
اس پروگرام میں افسران کو جدید جنگی حکمت عملی (ایڈوانسڈ کامبیٹ ٹیکٹکس) کی تربیت دی جاتی ہے۔ خواتین کے لیے نئی راہیں کھلنے کی ایک اور نمایاں مثال اس وقت سامنے آئی جب کیپٹن شیوانی سہراوت آرمی چیف کی ’ایڈز-ڈی-کیمپ‘ (اے ڈی سی) مقرر ہونے والی پہلی خاتون افسر بنیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایف سی ایل کورس کا موازنہ اکثر امریکی بحریہ کے مشہور ’ٹاپ گن‘ پروگرام سے کیا جاتا ہے، کیونکہ ہندوستانی فضائیہ کے تمام پائلٹس میں سے صرف ’ایک فیصد‘ کو ہی اس باوقار کورس کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔ یہ کامیابی جنگی ہوا بازی میں کیریئر بنانے کی خواہش رکھنے والی خواتین کے لیے بڑی ترغیب ہے، خاص طور پر اس وقت جب فائٹر اسٹریم کو خواتین کے لیے باضابطہ طور پر کھولے ہوئے تقریباً ایک دہائی گزر چکی ہے۔
اسکواڈرن لیڈر بھاؤنا کنٹھ نے پہلی بار جون 2016 میں تاریخ رقم کی تھی۔ اس وقت انہیں اونی چترویدی اور موہنا سنگھ کے ساتھ ہندوستانی فضائیہ کی پہلی 3 خاتون فائٹر پائلٹس میں شامل کرتے ہوئے کمیشن دیا گیا تھا۔ اس کورس سے ایسے ماہر پائلٹ تیار ہوتے ہیں جو جنگی حکمت عملی کو بہتر بنانے، آپریشنل منصوبہ بندی میں معاونت، ہتھیاروں کے مؤثر استعمال کے انتظام اور محاذ سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تربیت میں جدید فضائی جنگی حکمت عملی، آپریشنل نظریات، مشن پلاننگ، الیکٹرانک وارفیئر، بغیر انسانی پائلٹ سسٹم اور نیٹورک سنٹرک آپریشنز جیسے چیلنجز سے نمٹنے کی تربیت شامل ہوتی ہے۔
مئی 2019 میں ’ٹاپ گن‘ (فائٹر کامبیٹ لیڈر) کورس کرنے سے پہلے، بھاؤنا کنٹھ نے ’مگ-21 بائسن‘ طیارے پر دن کے وقت جنگی مشن انجام دینے کی اہلیت حاصل کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ہندوستان کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ بن گئیں جنہیں دن کے وقت حقیقی جنگی مشن پرواز کرنے کی اجازت ملی۔ اس کے بعد انہوں نے سکھوئی ایس یو-30 ایم کے آئی طیارہ اڑانا شروع کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔