
یو پی پولیس / آئی اے این ایس
کانپور پولیس کمشنریٹ میں جیسے ہی نظم و ضبط کا ڈنڈا چلا، محکمہ میں زبردست ہلچل مچ گئی۔ طویل عرصہ سے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ڈیوٹی سے غائب رہنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمہ نے سخت رخ اختیار کر لیا ہے۔ پولیس کمشنر کی ہدایت پر کی گئی کارروائی کے تحت 14 پولیس اہلکاروں کو فوری اثر سے معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر 118 پولیس اہلکاروں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا گیا ہے۔
Published: undefined
محکمہ کی جانچ میں جو کچھ سامنے آیا ہے، وہ حیران کر دینے والا ہے۔ کئی پولیس اہلکار محض 2 سے 5 دن کی چھٹی لے کر گئے تھے، لیکن مہینوں گزر جانے کے باوجود انہوں نے واپس حاضری نہیں دی۔ معطل کیے گئے اہلکاروں میں پولیس لائن میں تعینات 2 سب انسپکٹر (داروغہ) بھی شامل ہیں۔ ایک داروغہ گزشتہ 37 دنوں سے غائب ہیں، جبکہ دوسرے 152 دنوں سے لاپتہ چل رہے ہیں۔ سپاہی دُشینت اس فہرست میں سب سے اوپر ہیں، جو گزشتہ 168 دنوں سے ڈیوٹی سے غیر حاضر ہیں۔ سب انسپکٹر مونو سنگھ بھی گزشتہ 54 دنوں سے بغیر کسی اطلاع کے غیر حاضر پائے گئے ہیں۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ پولیس انتظامیہ کی یہ کارروائی صرف حالیہ معاملات تک محدود نہیں ہے۔ حکام کے مطابق اس سے قبل جولائی 2025 میں بھی 161 پولیس اہلکاروں کی کارکردگی اور حاضری کی جانچ کی گئی تھی۔ اس دوران بھی یہ حقیقت سامنے آئی تھی کہ بڑی تعداد میں پولیس اہلکار بغیر اجازت اپنی تعیناتی والے مقام سے غائب رہتے ہیں۔ اس غیر حاضری سے قانون و انتظام اور ایڈمنسٹریٹو کاموں پر منفی اثر پڑتا ہے۔
Published: undefined
اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ تمام غیر حاضر پولیس اہلکاروں کو پہلے بھی باضابطہ خطوط بھیج کر وضاحت طلب کی گئی تھی، لیکن ان کی جانب سے کوئی اطمینان بخش جواب نہیں ملا۔ اب 118 اہلکاروں کو دوبارہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ پولیس کمشنر سنکلپ شرما نے بتایا کہ بد نظمی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر جواب اطمینان بخش نہ پایا گیا تو مستقبل میں ملازمت سے برطرفی جیسی سخت کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
Published: undefined
بتایا جا رہا ہے کہ جن 118 اہلکاروں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، انہیں ایک مقررہ مدت کے اندر اپنی غیر حاضری کی ٹھوس وجہ بتانی ہوگی۔ اگر وہ بیماری یا کسی دیگر سنگین وجہ کا ثبوت پیش نہیں کر پاتے تو ان کے خلاف بھی معطلی اور محکمہ جاتی جانچ شروع کی جائے گی۔
Published: undefined
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined