قومی خبریں

لکھیم پور کھیری چلڈرن اکیڈمی اسکول میں چلیں گولیاں، ٹیچر سمیت 2 جاں بحق، بچے خوفزدہ

اطلاع ملتے ہی افسران پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہچ گئے۔ اسکول کے باہر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی، اور والدین بھی وہاں پہنچ گئے۔

فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی 

لکھیم پور کھیری کے صدر کوتوالی علاقے میں درد ناک واردات پیش آئی، جس میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہاں پیر کے روز صبح تقریباً 11 بجے چلڈرن اکیڈمی اسکول میں گولیاں چلیں، جس کی وجہ سے ایک خاتون ٹیچر اور ایک دیگر شخص کی موت ہو گئی۔ گولیوں کی آواز سن کر بچوں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ اس واردات کے بعد شہر میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا اور اسکولی بچے انتہائی خوف میں مبتلا ہیں۔ اساتذہ میں بھی اس واقعہ کے بعد دہشت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی افسران پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہچ گئے۔ اسکول کے باہر لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی، اور والدین بھی وہاں پہنچ گئے۔ شہر کوتوال راجیش سنگھ نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر تفتیش کی جا رہی ہیں۔ ایس پی ڈاکٹر کھیاتی گرگ بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں اور حالات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ فارنسک ٹیم کو بھی موقع پر بلایا گیا ہے تاکہ ضروری کارروائی کی جا سکے۔

واردات اسکول کی پہلی منزل پر ہوئی ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’امر اجالا‘ کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ شہر کوتوالی کے نورنگ آباد باشندہ سعود انصاری اسکول میں داخل ہوا تھا۔ اس نے پہلی منزل پر جا کر خاتون ٹیچر نشاط فاطمہ کو طمنچے سے گولی مار دی، اور اس کے بعد خود کو بھی گولی مار کر ختم کر لیا۔ دونوں کی ہی گولی لگنے سے جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی۔ گولیاں چلنے کی آواز سن کر اسکول کے کمروں سے دیگر خاتون ٹیچر باہر آ گئیں اور سامنے کا نظارہ دیکھ کر حیران رہ گئیں۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نشاط فاطمہ ہدایت نگر کی رہنے والی تھیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق دونوں مہلوکین کے محلے آس پاس میں ہی ہیں۔ یہ معاملہ عشق کا بتایا جا رہا ہے۔ حالانکہ اس بارے میں مصدقہ طور پر فی الحال کچھ بھی سامنے نہیں آیا ہے۔ فی الحال پولیس افسر اسکول اسٹاف سے پوچھ تاچھ کر رہے ہیں۔ واردات کے بعد سبھی بچوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔