قومی خبریں

پارلیمنٹ میں گونجا متنازعہ نعرہ، ’ہر ہندو کی یہی پکار، پہلے مندر پھر سرکار‘

سرمائی اجلاس کے دوران لوک سبھا میں شیو سینا لیڈران نے تختیوں پر ’ہر ہندو کی یہی پکار، پہلے مندر پھر سرکار‘ لکھ کر لہرائیں اور نعرے بازی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

رام مندر تعمیر کے لیے سڑکوں پر تو ہندوتوا طاقتیں لگاتار مرکزی حکومت پر دباؤ بنا ہی رہی ہیں، اب لوک سبھا میں بھی کچھ لیڈران آواز اٹھانے لگے ہیں۔ 12 دسمبر کو سرمائی اجلاس کے دوران لوک سبھا میں شیو سینا لیڈران نے تختیوں پر ’ہر ہندو کی یہی پکار، پہلے مندر پھر سرکار‘ لکھ کر لہرائیں اور نعرے بھی لگائے۔ لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے شیو سینا لیڈروں کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر پارٹیوں کے الگ الگ مطالبات پر ہو رہے ہنگامہ کے پیش نظر کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔

سمترا مہاجن نے لوک سبھا میں ہنگاموں کے درمیان ہی راجیہ سبھا رکن اور مکّے باز میری کوم کو عالمی باکسنگ چمپئن شپ جیتنے پر اور سیٹلائٹس کے خلا میں کامیابی کے ساتھ داخل کیے جانے پر اِسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔ انھوں نے شور شرابے کے درمیان ہی ضروری کاغذات کو ایوان کے ڈیسک پر بھی رکھوائے لیکن ہنگامے کی وجہ سے وقفہ سوالات شروع کرنے کے بعد ہی کارروائی کو ملتوی کرنا پڑی۔

Published: 12 Dec 2018, 5:06 PM IST

قابل ذکر ہے کہ شیو سینا کے سرکردہ لیڈران لگاتار بی جے پی اور مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں اور ایودھیا کی متنازعہ زمین پر جلد از جلد رام مندر تعمیر کا دباؤ بھی مرکزی حکومت پر بنا رہے ہیں۔ تازہ انتخابات کے نتائج کے بعد شیو سینا رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے بی جے پی کی شکست کو عوام کی ناراضگی قرار دیا اور کہا کہ رام مندر پر کوئی ٹھوس قدم نہ اٹھانے سے ہندو طبقہ میں غصہ ہے۔ لیکن سڑکوں پر تحریک چلانے اور رام مندر کے نام پر سیاست کرنے والی شیو سینا پارلیمنٹ میں بھی اپنی اس حرکت سے باز نہیں آئی اور وقفہ سوالات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں ہنگامہ کرنے جیسا قدم اٹھایا۔

Published: 12 Dec 2018, 5:06 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 12 Dec 2018, 5:06 PM IST