ادھو ٹھاکرے، ویڈیو گریب
نئی دہلی: شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) نے غیر قانونی فون ٹیپنگ کے معاملے پر مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے اسے ہندوستانی جمہوریت اور شہریوں کی رازداری پر حملہ قرار دیا ہے۔ پارٹی نے فون کالز کی نگرانی کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے انڈین ٹیلی گراف ایکٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ کی متعلقہ دفعات کا حوالہ دیا اور وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی ہے۔
پارٹی کے ترجمان اخبار ’سامنا‘ میں پیر کو شائع ہونے والے ایک اداریے میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے حالیہ الزامات کا ذکر کیا گیا ہے۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعظم مودی کے خلاف شواہد ان کے فون میں موجود ہیں اور بعض افسران انہیں مٹانے اور ان کی نگرانی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اداریے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کی ہدایت پر اپوزیشن رہنماؤں کی بات چیت کی نگرانی یا فون ٹیپ کرنا ایک سنگین جرم اور نجی زندگی میں مداخلت کے مترادف ہے۔ پارٹی نے اس سلسلے میں انڈین ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کی دفعہ 5(2) اور ٹیلی کمیونیکیشن ایکٹ 2023 کی دفعہ 20 کا حوالہ دیا ہے۔
شیوسینا (یو بی ٹی) کے مطابق ان قانونی دفعات کے تحت فون کالز یا مواصلات کی قانونی نگرانی کے لیے قومی سلامتی، ملک کی خودمختاری اور سالمیت، عوامی ہنگامی صورت حال اور امن عامہ جیسے مخصوص جواز ضروری ہیں۔ اس کے علاوہ قانونی انٹرسیپشن کے لیے متعلقہ مجاز حکام کی منظوری بھی لازمی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے لیے ان قانونی اختیارات کا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
اداریے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں نگرانی کا دائرہ صرف راہل گاندھی تک محدود نہیں ہو سکتا بلکہ حکمراں جماعت کے بعض سینئر رہنما بھی اس کی زد میں آ سکتے ہیں۔ ’سامنا‘ نے اس صورت حال کا موازنہ اسرائیل کے سابق وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے سیاسی حالات سے بھی کیا ہے۔
اداریے کے مطابق نیتن یاہو کو سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کے الزامات اور سیاسی کشمکش کے درمیان انتخابی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پارٹی نے اس مثال کے ذریعے مرکزی قیادت کو خبردار کیا ہے کہ سیاسی مخالفین کی نگرانی اور انہیں دبانے کی کوششیں بالآخر حکومت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
شیوسینا (یو بی ٹی) نے مہاراشٹر میں ماضی کے فون ٹیپنگ تنازعات کا بھی ذکر کیا ہے۔ اداریے میں نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ریاستی پولیس مشینری اور اعلیٰ پولیس افسران کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا۔ اس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ بعض ڈی جی پی سطح کے افسران کو فون ٹیپنگ کی تربیت کے لیے اسرائیل بھیجا گیا تھا۔
اداریے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر نگرانی کے ذریعے آئینی نظام اور جمہوری اصولوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ سکتا ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ ایسی صورت حال میں لوگ بدعنوان اور ظالمانہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر اترنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔