قومی خبریں

نہیں رہیں شیلا دیکشت! 81 سال کی عمر میں انتقال، اہم شخصیات کا اظہار رنج و غم

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق پارٹی صدر راہل گاندھی نے شیلا دیکشت کے انتقال کی خبر کو اندوہناک بتایا اور کہا کہ ’’شیلا جی نے دہلی کے لیے بے لوث خدمات انجام دیے جسے بھلایا نہیں جا سکتا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

کانگریس کی سینئر لیڈر اور دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت نے 81 سال کی عمر میں دنیائے فانی کو الوداع کہہ دیا۔ انھوں نے طویل علالت کے بعد دہلی کے اسکارٹس اسپتال میں آخری سانس لی۔ ان کے انتقال کی خبر جیسے ہی پھیلی، صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم سمیت ملک کی سرکردہ سیاسی ہستیوں کے اظہارِ غم کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس رکن پارلیمنٹ اور سابق کانگریس صدر راہل گاندھی، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، رکن پارلیمنٹ منوج واجپئی اور کئی دیگر بڑی ہستیوں نے ان کے انتقال کو عظیم خسارہ قرار دیا۔

Published: 20 Jul 2019, 5:10 PM IST

1998 سے 2013 تک لگاتار 15 سال دہلی کی وزیر اعلیٰ رہی شیلا دیکشت کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے اسکارٹس اسپتال کے ڈائریکٹر اشوک سیٹھ نے کہا کہ ’’ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے شیلا دیکشت کی اچھی طرح سے دیکھ بھال کی تھی۔ 3 بج کر 15 منٹ پر انھیں پھر سے دل کا دورہ پڑا۔ اس کے بعد انھیں ونٹلیٹر پر رکھا گیا تھا اور دوپہر 3.55 بجے ان کا انتقال ہو گیا۔‘‘

Published: 20 Jul 2019, 5:10 PM IST

شیلا دیکشت کے انتقال پر کانگریس پارٹی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ہمیں شیلا دیکشت کے انتقال کے بارے میں سن کر دُکھ ہوا۔ انھوں نے تاحیات کانگریس کی رکن اور تین بار دہلی کے وزیر اعلیٰ کی شکل میں رہ کر دہلی کا چہرہ بدل دیا۔ ان کی فیملی اور دوستوں کے ساتھ ہماری ہمدردی ہے۔ اس تکلیف کے وقت میں انھیں صبر حاصل ہو۔‘‘

Published: 20 Jul 2019, 5:10 PM IST

وزیر اعظم نریندر مودی نے شیلا دیکشت کے انتقال کی خبر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’شیلا دیکشت جی کا اس دنیا سے جانا افسوسناک ہے۔ وہ ایک بہترین شخصیت کی مالک تھیں اور انھوں نے دہلی کی ترقی میں قابل قدر کردار نبھایا۔ میری تعزیت ان کی فیملی اور احباب کے ساتھ ہیں۔ اوم شانتی۔‘‘

Published: 20 Jul 2019, 5:10 PM IST

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ہردلعزیز لیڈر شیلا دیکشت کےا نتقال پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ اور ایک سینئر سیاسی لیڈر شریمتی شیلا دیکشت کے انتقال کے بارے میں جان کر افسوس ہوا۔ ان کا دور اقتدار راجدھانی دہلی کے لیے انتہائی اہم تبدیلیوں کا دور تھا، جس کے لیے انھیں یاد کیا جائے گا۔ ان کی فیملی اور معاونین کے تئیں میری ہمدردی ہے۔‘‘

Published: 20 Jul 2019, 5:10 PM IST

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے شیلا دیکشت کے ساتھ اپنے خاص تعلقات کا تذکرہ اپنے ٹوئٹ میں کیا اور کہا کہ وہ کانگریس کی ہونہار بیٹی تھیں۔ موت کی خبر ملنے کے بعد انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’شیلا دیکشت جی کے دنیا سے گزر جانے کی خبر سن کر میں حیران ہوں۔ وہ کانگریس کی معزز لیڈر تھیں۔ میری ان کے ساتھ ایک خاص بونڈنگ تھی۔ میری تعزیت ان کی فیملی اور دہلی کے عوام کے ساتھ ہے۔ شیلا جی نے دہلی کے لیے بے لوث خدمات انجام دیے۔‘‘

Published: 20 Jul 2019, 5:10 PM IST

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی شیلا دیکشت کے موت کی خبر کو اندوہناک قرار دیا۔ انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ابھی ابھی محترمہ شیلا دیکشت جی کے انتقال کی دردناک خبر سننے کو ملی۔ یہ دہلی کے لیے بہت بڑا خسارہ ہے اور انھوں نے دہلی کو جو کچھ بھی دیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ میں ان کی روح کو سکون کے لیے دعا گو ہوں اور ان کے فیملی ممبر کی تکلیف میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔‘‘

Published: 20 Jul 2019, 5:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 20 Jul 2019, 5:10 PM IST