قومی خبریں

شنکر اچاریہ ایوی مکتیشورانند معاملے میں یوگی کا نیا انداز،’ قانون کی حکمرانی پرعمل کروانا بھی جانتے ہیں‘

وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اسمبلی میں کہا کہ ہر کوئی شنکراچاریہ نہیں بن سکتا، ہر شخص ہر پیٹھ کے اچاریہ کے طور پرجاکر یہاں وہاں ماحول خراب نہیں کرسکتا ہے۔ مقررہ حدود پر سبھی کو عمل کرنا چاہئے۔

اسمبلی میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ / یو این آئی
اسمبلی میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ / یو این آئی 

الہ آباد کے پریاگ راج میلے کے دوران حال ہی میں شنکراچاریہ اوی مکتیشورانند کے ساتھ ہوئی بدسلوکی پر مذہبی، سیاسی اور سماجی سطح پرسخت تنقید کا سامنا کرنے والی اترپردیش حکومت کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس معاملے پراسمبلی میں پہلی بارتفصیل سے بات کی۔ یوپی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران جمعہ کوایوان میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے روایت، حدود اور امن و امان کے حوالے سے اپنی بات رکھی۔

Published: undefined

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آدی جگد گرو شنکراچاریہ نے لازمی قرار دیا ہے۔ جس پیٹھ کے لیے جو اہل امیدوار ہوگا اس کا منتر، بیان، آج کی عام بول چال میں تھیسیس، ودوت پریشد سے منظور ہوتا ہے۔ اس کے بعد ابھیشیک اور پھر اس روایت کے ذریعے اسے تسلیم کیا جاتا ہے۔ ہر کوئی شنکراچاریہ نہیں بن سکتا، ہر شخص ہر پیٹھ کے اچاریہ کے طورپر جاکر یہاں وہاں ماحول خراب نہیں کرسکتا ہے۔ ان حدود پر سبھی کو عمل کرنا چاہئے۔

Published: undefined

اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’اگر وہ (ایوی مکتیشورانند) شنکراچاریہ تھے تو آپ نے وارانسی میں لاٹھی چارج کیوں کیا تھا؟ ایف آئی آر کیوں درج کی گئی تھی؟ آپ اخلاقیات کی بات کرتے ہیں!‘‘ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساڑھے 4 کروڑ عقیدتمند جہاں آئے ہوں وہاں جو ایکزٹ گیٹ ہیں، جہاں س عقیدتمند اسنان کرکے باہر نکلتے ہیں، اس گیٹ، اس پنٹون، اس راستے سے کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہوسکتی۔ کیونکہ اگر کوئی وہاں سے اندر جانے کی کوشش کرتا ہے تو وہ ایک نئے اسٹیمپیڈ کو پیدا کرتا ہے۔ نئی بھگدڑ کی حالت پیدا کرتا ہے، وہ عقیدت مندوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کرتا ہے۔

Published: undefined

وزیر اعلیٰ نے سخت لہجے میں کہا کہ ایک ذمہ دار اور مہذب شخص کبھی اس طرح کا طرز عمل اختیار نہیں کرسکتا ہے۔ آپ کو پوچھنا ہے تو سبھا کے لوگوں سے پوچھیں۔ لیکن ہم لوگ حدود پر عمل کرنے والے لوگ ہیں۔ قانون کی حکمرانی پر بھروسہ کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون کی حکمرانی پرعمل کرنا بھی جانتے ہیں اورعمل کروانا بھی جانتے ہیں۔ دونوں چیزوں کو ایک ساتھ نافذ کرنا جانتے ہیں لیکن اس کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرنا بند کیجئے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined