
سماجوادی پارٹی کے چیف وہپ دھرمیندر یادو، تصویر/آئی اے این ایس
سماجوادی پارٹی (ایس پی) نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے لیے اپنے تمام اراکین پارلیمنٹ کو 3 لائن کا ’وہپ‘ جاری کیا ہے۔ لوک سبھا کے تمام اراکین کو 30 نومبر سے 3 دسمبر تک پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سماجوادی پارٹی کے چیف وہپ دھرمیندر یادو نے یہ وہپ جاری کیا ہے۔ وہپ میں کہا گیا ہے ’’پیر 30 نومبر سے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس شروع ہو رہا ہے، جو جمعرات 3 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں حکومت آئین (ایک سو بتیسویں ترمیم) بل 2026، حد بندی (دوسرا) بل 2026 اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے قانون (ترمیمی) دوسرا بل 2026 پیش کر رہی ہے۔ لہٰذا لوک سبھا میں سماجوادی پارٹی کے تمام اراکین کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اجلاس کے دوران پورا وقت ایوان میں موجود رہیں اور ووٹنگ کے وقت بلوں کے خلاف ووٹ دیں۔‘‘
واضح رہے کہ پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال خصوصی اجلاس کے پہلے دن یعنی پیر کو لوک سبھا میں ترمیم شدہ حد بندی بل 2026 پیش کریں گے۔ حالانکہ سماج وادی پارٹی اس بل کی مخالفت کر رہی ہے۔ اس سے قبل ہفتہ کو سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے حد بندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل میں تبدیلیوں کو مرکزی کابینہ کی منظوری دیے جانے پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت کی پوری توجہ ملک کی سلامتی کے بجائے صرف انتخابات پر ہے۔ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’’بی جے پی کے لیے انتخابات ہی سب کچھ ہیں، ملک نہیں۔ اسی لیے اسے ملک کی سرحدوں کی نہیں بلکہ لوک سبھا حلقوں کی حد بندی کی فکر ہے۔‘‘
اکھلیش یادو نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ ’’جب بی جے پی کی اپنی زمین ہی کھسک چکی ہے تو وہ لوک سبھا کی تعداد بڑھا لے یا اس کی حد بندی میں ہیر پھیر کر لے، اسے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ملک کے کسان، مزدور، تاجر ہوں یا نوجوان، خواتین، متوسط طبقہ اور ملازمت پیشہ افراد، سب بی جے پی کے خلاف ہیں۔ جب بی جے پی کے اپنے لوگوں نے ہی اس کے جھنڈے ہٹا لیے ہیں تو اب حد بندی میں کسی بھی طرح کی جوڑ توڑ یا انتخابی نظام میں کسی بھی قسم کی دھاندلی کام نہیں آنے والی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’بی جے پی بھی جانتی ہے کہ حد بندی سے اسے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ وہ خصوصی اجلاس حد بندی کے لیے نہیں بلکہ چند دنوں تک اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے بلا رہی ہے۔ ہم پھر دوہرا رہے ہیں کہ حد بندی بی جے پی کی سیاست کی سب سے بڑی بھول ثابت ہوگی۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔