
آئی اے این ایس
بالی ووڈ اداکارہ نورا فتحی کو 200 کروڑ روپے کی جبراً وصولی کے معاملے میں راؤز ایونیو کورٹ نے سخت پھٹکار لگائی ہے۔ بڑا جعلساز سکیش چندر شیکھر سے جڑے اس معاملے میں نورا کو پیر کے روز عدالت میں حاضر ہونے کے لیے سمن بھیجا گیا تھا، لیکن وہ عدالت نہیں پہنچیں۔ دہلی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ نورا فتحی کو سمن بھیجا گیا تھا، لیکن اسے یہ معلوم نہیں ہے کہ وہ عدالت آئیں گی یا نہیں۔ ان کے وکیل نے عدالت میں حاضری سے رعایت کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ اس پر عدالت نے نورا کے وکیل کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک گواہ ہیں اور انہیں یہاں موجود ہونا چاہیے تھا۔ ان کا رویہ مناسب نہیں ہے، عدالت کو ہلکے میں نہ لیں۔
سکیش چندر شیکھر سے وابستہ 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ معاملے میں اس سے قبل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے نورا فتحی سے پوچھ تاچھ کی تھی۔ یہ معاملہ 2021 کے اوائل کا ہے۔ 34 سالہ اداکارہ کو دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ میں گواہ کے طور پر 2 نومبر بروز پیر کو پیش ہونا تھا۔ اب عدالت نے نورا کے رویے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کی ہے۔ عدالت نے نورا فتحی کے وکیل سے یہ بھی کہا کہ وہ ان سے کہیں کہ عدالت کو بے وقوف بنانے کی کوشش نہ کریں۔ ناراض عدالت نے سرزنش کرنے کے بعد نورا فتحی کو نیا سمن جاری کیا ہے۔ اب 6 نومبر بروز جمعہ کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔
اس سے قبل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی پوچھ تاچھ کے دوران نورا فتحی نے بتایا تھا کہ سکیش چندر شیکھر اور اس کی بیوی نے انہیں ایک پارٹی میں مدعو کیا تھا۔ یہ ملاقات صرف پارٹی میں پرفارم کرنے کے لیے ہوئی تھی۔ انہیں وہاں معاوضے کے طور پر نقد رقم کے بجائے قیمتی تحائف دیے گئے تھے۔ نورا کے اس دعوے کے بعد تفتیش کاروں نے ان قیمتی تحائف کی جانچ پڑتال کی، جن میں ایک بی ایم ڈبلیو کار اور گوچی کا ہینڈ بیگ جیسی چیزیں شامل تھیں۔ نورا فتحی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سکیش سے ان کا کوئی تعلق نہیں تھا اور وہ اس جعلساز کے گروہ کا شکار بنی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق جب انہیں احساس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے تو انہوں نے سکیش سے اپنے تمام رابطے ختم کر لیے تھے۔ حالانکہ اس معاملے میں اس وقت ایک نیا موڑ آیا، جب سکیش نے ایک خط میں دعویٰ کیا کہ اس نے نورا فتحی کو مراکش کے شہر کاسابلانکا میں گھر خریدنے میں مدد کے لیے کروڑوں روپے دیے تھے۔ سکیش چندر شیکھر نے جیل سے لکھے اپنے خط میں نورا سے کہا کہ وہ خود کو متاثرہ ظاہر کرکے گھٹیا ڈرامہ بند کریں۔ ساتھ ہی اس نے دھمکی دی کہ وہ اس وقت کے دوران ہونے والی ان کی بات چیت کو عام کر دے گا۔ اس نے یہ الزام بھی لگایا کہ نورا فتحی دراصل جیکلین فرنانڈیز کے ساتھ اس کے تعلقات سے جلتی تھیں۔ وہ دن میں کئی بار اسے فون کرکے جیکلین کے ساتھ اپنا رشتہ ختم کرنے کی منتیں کرتی تھیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔