قومی خبریں

معروف سماجی کارکن سنجیت بنکر رائے کا 81 سال کی عمر میں انتقال، کانگریس نے ان کی فلاحی خدمات کو یاد کیا

معروف سماجی کارکن سنجیت بنکر رائے نے 1972 میں تلونیا میں سماجی کام اور تحقیق کا مرکز قائم کیا تھا۔ یہ مرکز دنیا بھر میں ’بیئرفٹ کالج‘ کے نام سے مشہور ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سنجیت بنکر رائے، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@ShashiTharoor</p></div>

سنجیت بنکر رائے، تصویر سوشل میڈیا @ShashiTharoor

 

معروف سماجی کارکن اور بیئرفٹ کالج کے بانی سنجیت بنکر رائے کا منگل (10 نومبر) کی صبح انتقال ہو گیا۔ وہ 81 سال کے تھے۔ انہوں نے تلونیا میں واقع اپنی رہائش پر صبح 6 بج کر 15 منٹ پر آخری سانس لی۔ ان کے انتقال کے وقت ان کی اہلیہ ارونا رائے، جو خود بھی ایک معروف سماجی کارکن ہیں اور دیگر قریبی لوگ موجود تھے۔ سماجی کارکن نکھل ڈے نے بتایا کہ بنکر رائے کی آخری رسومات آج شام 4 بجے تلونیا میں ادا کی جائیں گی۔ بنکر رائے نے 5 دہائیوں تک سماجی خدمت کے شعبے میں اہم کردار ادا کیا۔

سنجیت بنکر رائے کے انتقال پر کانگریس کے راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک طویل پوسٹ کی۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’سول سوسائٹی میں ادارے قائم کرنے والے ممتاز رہنما بنکر رائے کا ابھی انتقال ہو گیا ہے۔ بہترین تعلیم حاصل کرنے اور کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے بعد 1972 میں انہوں نے اپنی زندگی سماجی سرگرمیوں اور دیہی ترقی کے لیے وقف کرنے کا فیصلہ کیا اور ضلع اجمیر کے تلونیا کو اپنا مرکز بنایا۔ نصف صدی سے زیادہ عرصے تک وہ ایک نمایاں شخصیت رہے اور ملک کے مختلف حصوں میں سینکڑوں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دیتے رہے۔ تلونیا میں ان کا قائم کردہ بیئرفٹ کالج ان کے عزم، فکر اور مقاصد کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر مزید لکھتے ہیں کہ ’’ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں میں اس وقت رضاکارانہ ادارے کہلانے والی تنظیموں کے لیے وسیع نئے مواقع پیدا کرنے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ یہ وزیر اعظم راجیو گاندھی کی ذاتی پہل پر ممکن ہوا تھا۔ پینے کے پانی، ٹیکہ کاری اور بالغوں کی خواندگی سمیت مختلف ٹیکنالوجی مشنز پر عمل درآمد میں بھی بنکر رائے، سام پترودا کے قریبی معاون بن گئے تھے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’بعد کے سالوں میں وہ مسکراتے ہوئے کہا کرتے تھے کہ لوگ انہیں معروف ارونا رائے کے شوہر کے طور پر پہچانتے ہیں۔ ارونا رائے نے 1970 کی دہائی کے وسط میں آئی اے ایس سے استعفیٰ دے کر تلونیا میں ان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کی 2024 میں شائع ہونے والی خودنوشت ’دی پرسنل از پولیٹیکل‘ ان دونوں کے مشترکہ سفر کی ایک شاندار روداد ہے۔‘‘

واضح رہے کہ بنکر رائے نے 1972 میں تلونیا میں سماجی کام اور تحقیق کا مرکز قائم کیا تھا۔ یہ مرکز دنیا بھر میں ’بیئرفٹ کالج‘ کے نام سے مشہور ہے۔ بیئرفٹ کالج نے دیہی باشندوں کو مختلف اہم کاموں کی تربیت دی۔ ان میں شمسی توانائی، پانی کے تحفظ، تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق کام شامل تھے، جن سے ہزاروں دیہی باشندوں کو فائدہ پہنچا۔ ان کی سب سے بڑی پہچان ’سولر ماما‘ پہل رہی، جس نے انہیں عالمی سطح پر شہرت دلائی۔ اس پہل کے تحت گاؤں کی ناخواندہ دادی-نانی کو سولر انجینئر بنایا گیا۔ ان ’بیئرفٹ سولر انجینئروں‘ نے دنیا کے 96 سے زیادہ ممالک کے گاؤں میں روشنی پہنچائی۔ بنکر رائے کو 1986 میں ٹائم میگزین کے 100 بااثر ترین لوگوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔