
پاکستانی وزیر مصدق مسعود ملک (بائیں)، تصویر ’ایکس‘ @PakinIndia
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ رشتوں کے باوجود پاکستانی وزیر مصدق مسعود ملک دہلی پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق مسعود 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے ’شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن‘ (ایس سی او) میں شرکت کے مقصد سے پہنچے ہیں، جس کی تصدیق پاکستان نے بھی کر دی ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ ان کے ہندوستان پہنچنے کی تصدیق کی ہے اور دہلی ایئرپورٹ پر پاکستان کے چارج ڈی افیئرس سعد واریچ نے ان کا استقبال کیا ہے۔
مصدق مسعود ملک کے ہندوستان پہنچنے کی خبر پر کانگریس نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپوزیشن پارٹی نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت کی دعوت پر پاکستان کا وزیر مصدق ملک ہندوستان آ گیا ہے۔ مصدق لگاتار ہندوستان کو دھمکاتا رہا ہے۔ کبھی ہاتھ کاٹنے کی دھمکی دیتا ہے، کبھی خون بہانے کی۔‘‘ ساتھ ہی پارٹی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ایک طرف پاکستان ہمارے ملک میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، ہندوستانی کا قتل کروا رہا ہے، اور دوسری طرف مودی حکومت ہندوستان سے نفرت کرنے والے پاکستانی وزیر کی مہمان نوازی میں لگی ہے۔ بریانی اور کباب کھلانے کی تیاری ہے۔‘‘
مودی حکومت کے ذریعہ پاکستانی وزیر کو ہندوستان مدعو کیے جانے کو کانگریس نے ’غداری‘ سے تعبیر کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’یہ (پاکستانی وزیر کی مہمان نوازی کرنا) ملک اور ملک کے باشندوں کے ساتھ غداری ہے۔ مودی حکومت کو یہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔‘‘ ساتھ ہی پارٹی نے یہ بھی کہا کہ ’’جب تک پاکستان دہشت گردی پر پوری طرح بریک نہیں لگاتا، اس سے کوئی بات نہیں ہونی چاہیے۔‘‘
واضح رہے کہ مئی 2023 میں اُس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے گوا دورہ کے بعد یہ پہلی بار ہے، جب پاکستان کا کوئی وفاقی وزیر ہندوستان آیا ہے۔ یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب پہلگام دہشت گردانہ حملہ اور ہندوستان کے ’آپریشن سندور‘ کے بعد دونوں ممالک کے رشتوں میں کشیدگی بنی ہوئی ہے۔ بہرحال، پاکستان کی وزارت خارجہ نے 14 نومبر کو مصدق ملک کو ملک کے نمائندہ وفد کی قیادت کرنے کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل ہندوستان نے پاکستان کے قومی وراثت و ثقافت کے وزیر اورنگ زیب خان کھچی کو اس پلیٹ فارم کی افتتاحی تقریب میں شامل ہونے کا دعوت نامہ بھیجا تھا، لیکن پاکستان نے ان کی جگہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق مسعود کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔