قومی خبریں

راکیش استھانہ اور پی ایم او افسر نے IRCTC معاملہ میں لالو کو پھنسایا: آلوک ورما

آئی آر سی ٹی سی معاملے سے متعلق آلوک ورما نے ایک بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ راکیش استھانہ، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی اور پی ایم او کے ایک افسر نے مل کر لالو یادو کو پھنسایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا لالو پرساد کی فائل تصویر

آئی آر سی ٹی سی ٹنڈر معاملے میں دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے 20 دسمبر تک سماعت کو ملتوی کر دیا ہے۔ اس دن بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عدالت کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔ دوسری طرف اس معاملے میں چھٹی پر بھیجے گئے سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما نے ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔ سی وی سی کو بھیجے گئے اپنے جواب میں انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سی بی آئی کے اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانہ، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی اور پی ایم او کے ایک افسر نے مل کر آر جے ڈی سربراہ لالو یادو کو اس معاملے میں پھنسایا ہے۔

Published: 19 Nov 2018, 3:09 PM IST

’دی وائر‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ورما نے استھانہ کے ان الزامات کو غلط ٹھہرایا ہے کہ انھوں نے جان بوجھ کر لالو یادو کے خلاف اس معاملے کو کمزور کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی بی آئی کے اس وقت کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی حیثیت سے استھانہ نے اس بات کو دبا دیا تھا کہ اس معاملے پر سی بی آئی کو 14-2013 میں ایک شکایت بھیجی گئی تھی جسے جانچ کے بعد غلط پایا گیا تھا۔

ورما نے یہ بھی کہا کہ پورا معاملہ سیاست سے متاثر نظر آتا ہے کیونکہ استھانہ بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل مودی کے رابطے میں تھے۔ انھوں نے اپنے جواب میں یہ بھی بتایا کہ پی ایم او کے ایک سینئر افسر لگاتار اس معاملے کی جانکاری لے رہے تھے۔ ورما نے سی وی سی کو یقین دلایا کہ اگر وہ چاہے تو پی ایم او کے اس افسر کا نام بتا سکتے ہیں اور سی وی سی معاملے سےجڑی سبھی باتوں کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔

Published: 19 Nov 2018, 3:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 19 Nov 2018, 3:09 PM IST