
شرد پوار اور ابھشیک منو سنگھوی، تصویر قومی آواز/ویپن
10 ریاستوں کی 37 نشستوں پر ہونے والے راجیہ سبھا انتخاب میں 26 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ ان میں این سی پی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوار، کانگریس کے ابھیشیک منو سنگھوی اور مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے جیسے اہم نام شامل ہیں۔ اب ان 7 ریاستوں مہاراشٹر، مغربی بنگال، تمل ناڈو، چھتیس گڑھ، آسام، ہماچل پردیش اور تلنگانہ میں راجیہ سبھا کے لیے ووٹنگ نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ کے بعد، ایوان بالا کی 11 نشستوں کے لیے انتخاب 16 مارچ کو ہوں گے۔ بہار میں 5، اوڈیشہ میں 4 اور ہریانہ میں 2 نشستوں کے لیے انتخاب کرائے جائیں گے۔
Published: undefined
مہاراشٹر میں 7، مغربی بنگال میں 5، تمل ناڈو میں 6، چھتیس گڑھ میں 2، آسام میں 3، ہماچل پردیش میں ایک اور تلنگانہ میں 2 راجیہ سبھا اراکین بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ ان ریاستوں میں راجیہ سبھا کی جتنی نشستیں ہیں، اتنے ہی امیدوار میدان میں تھے۔ مہاراشٹر سے رام داس اٹھاولے، ونود تاوڑے، مایا چنتامن اور رام داس وڈکُٹ بی جے پی کے ٹکٹ پر بلامقابلہ منتخب ہوئے، این سی پی سے پارتھ پوار، شیوسینا سے جیوتی واگھمارے اور این سی پی (ایس پی) سے شرد پوار بھی بلا مقابلہ راجیہ سبھا رکن منتخب ہو گئے۔
Published: undefined
تمل ناڈو سے ڈی ایم کے کے ٹی شیوا اور سی رویندرا، کانگریس کے ایم کرسٹوفر تلک، پی ایم کے کے انبومنی رام داس، ڈی ایم ڈی کے کے ایل کے سدھیش اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے ایم تھمبی دورئی راجیہ سبھا کے لیے بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ مغربی بنگال سے ٹی ایم سی کی مینکا گروسوامی، بابل سپریو، کوئل ملک، راجیو کمار اور بی جے پی کے راہل سنہا بلا مقابلہ راجیہ سبھا رکن منتخب ہوئے ہیں۔ آسام سے بی جے پی کے تیراش گوالا، جوگین موہن اور یو پی پی ایل کے پرمود بورو بلا مقابلہ راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہو گئے ہیں۔ چھتیس گڑھ سے بی جے پی کی لکشمی ورما اور کانگریس کی پھولو دیوی نیتام بلامقابلہ راجیہ سبھا کی رکن منتخب ہوئیں تو ہماچل کی ایک نشست پر کانگریس کے انوراگ شرما بلا مقابلہ جیتے ہیں۔ تلنگانہ سے کانگریس کے ابھیشیک منو سنگھوی اور ویم نریندر ریڈی بلامقابلہ راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
Published: undefined
دوسری جانب بہار، اوڈیشہ اور ہریانہ کی 11 نشستوں کے لیے انتخاب ہوں گے۔ بہار کے طویل عرصے تک وزیر اعلیٰ رہنے والے نتیش کمار اور بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین کے راجیہ سبھا کے لیے منتخب کیے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ بہار میں ایک نشست کے لیے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا کیونکہ تاجر سے لیڈر بنے آر جے ڈی کے راجیہ سبھا رکن امریندر دھاری سنگھ کو پھر سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ بہار سے دیگر این ڈی اے امیدواروں میں مرکزی وزیر رام ناتھ ٹھاکر اور اپیندر کشواہا اور شویش کمار شامل ہیں۔ واضح رہے کہ آر جے ڈی کے پاس 25 اراکین اسمبلی ہیں اور اسے اے آئی ایم آئی ایم اور بی ایس پی سے 6 ووٹ کی امید ہے۔ بہار اسمبلی کے سکریٹری کھیاتی سنگھ کے مطابق 6 امیدواروں میں سے کسی نے بھی اپنی نامزدگی واپس نہیں لی اور ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد ریاست میں پہلی بار ووٹنگ کی ضرورت پیش آئی ہے۔
Published: undefined
اوڈیشہ میں بھی ایک نشست کے لیے مقابلہ ہوگا۔ حکمراں جماعت بی جے پی کے 2 امیدوار ریاستی اکائی کے صدر منموہن سامل اور موجودہ راجیہ سبھا رکن سجیت کمار اور اپوزیشن بی جے ڈی کے سنتروپ مشرا اور ڈاکٹر دتیشور ہوتا میدان میں ہیں۔ جبکہ دلیپ رے نے بی جے پی کی حمایت سے آزاد امیدوار کے طور پر نامزدگی داخل کی ہے، جس سے ’کراس ووٹنگ‘ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ہریانہ میں بھی ایک نشست کے لیے دلچسپ مقابلے کا انتظار ہے، جہاں پہلے بھی کراس ووٹنگ دیکھی گئی ہے۔ کانگریس کے پاس 37 اراکین اسمبلی ہیں اور ایک نشست جیتنے کے لیے اپوزیشن پارٹی کو پہلی ترجیح کے صرف 31 ووٹوں کی ضرورت ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 10 ریاستوں میں 37 نشستوں کے لیے 40 امیدواروں نے اپنی نامزدگی داخل کی تھی۔ 26 امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب کیے جانے کے بعد اب 11 نشستوں کے لیے 14 امیدوار میدان میں ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined