قومی خبریں

راجستھان: واضح اکثریت کے باوجود بیاور ضلع پریشد میں بی جے پی کو ملی شکست، کراس ووٹنگ سے کانگریس فتحیاب

راجستھان کے 37 اضلاع میں ضلع پریشدوں کے چیئرمین کا انتخاب ہو رہا ہے۔ 3 اضلاع دوسہ، سوائی مادھوپور اور جیسلمیر میں کانگریس پارٹی بلا مقابلہ انتخاب جیت چکی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

راجستھان میں ضلع پریشدوں کے چیئرمین کا انتخاب سرخیوں میں ہے۔ اس انتخاب میں بیاور ضلع سے حیرت انگیز نتیجہ سامنے آیا ہے۔ یہاں واضح اکثریت ہونے کے باوجود بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کانگریس کی ممتا گوجر نے کراس ووٹنگ کے ذریعہ انتخاب جیت لیا ہے۔ 27 اراکین والی ضلع پریشد میں بی جے پی کے پاس 14 نشستیں تھیں۔ یعنی اسے واضح اکثریت حاصل تھی، لیکن اس کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دراصل ریاست کے 37 اضلاع میں ضلع پریشدوں کے چیئرمین کا انتخاب ہو رہا ہے۔ 3 اضلاع میں کانگریس پارٹی بلا مقابلہ انتخاب جیت چکی ہے۔ دوسہ، سوائی مادھوپور اور جیسلمیر میں کانگریس امیدوار بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ جیسلمیر میں 21 سالہ سنتوش کماری بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئی ہیں۔ بیکانیر میں بی جے پی کے امیدوار نے اپنا نام واپس لے لیا ہے، لیکن کانگریس کے ایک باغی امیدوار نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بی جے پی کانگریس کے باغی امیدوار کی حمایت کر سکتی ہے۔

ریاست کی راجدھانی جے پور میں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے۔ حالانکہ یہاں کانگریس کو دو تہائی سے زیادہ اکثریت حاصل ہے۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات کے درمیان ووٹنگ ہو رہی ہے۔ راجدھانی جے پور میں کانگریس کے یشویر سورا اور بی جے پی کے راجیش گوجر انتخاب لڑ رہے ہیں۔ کانگریس یہاں اپنی جیت کو لے کر پوری طرح پُراعتماد ہے۔

جیسلمیر ضلع میں ضلع پریشد کے اراکین کی 21 میں سے 20 نشستوں پر کانگریس نے جیت درج کی ہے۔ بی جے پی کو ایک نشست ملی ہے۔ وارڈ نمبر 10 سے بی جے پی کی امیدوار کرونا کنور منتخب ہوئی ہیں۔ چیئرمین منتخب ہونے والی سنتوش کماری درج فہرست قبائلی طبقے سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ بارہویں جماعت پاس اور غیر شادی شدہ ہیں۔ ضلع پریشد کے رکن کے انتخاب میں وہ کانگریس کے ٹکٹ پر وارڈ نمبر 21 سے منتخب ہوئی تھیں۔ انہوں نے بی جے پی کی امیدوار لکشمی کو 6,137 ووٹوں سے شکست دی۔ سنتوش کماری کے ضلع پریشد کی سربراہ بننے پر کانگریس کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کر کے اور پٹاخے پھوڑ کر جشن منایا۔

بلا مقابلہ منتخب ہونے کے بعد سنتوش نے یہ ذمہ داری سونپنے کے لیے جیسلمیر کی عوام اور کانگریس کے سینئر لیڈران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میری ترجیح ضلع کی ترقی کے لیے تمام منتخب نمائندوں کو ساتھ لے کر کام کرنا ہوگی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ خاص طور پر خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے اور انہیں خود کفیل بنانے میں مدد کرنے پر توجہ دیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’مجھ پر جو اعتماد ظاہر کیا گیا ہے، میں اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی اور ضلع کی ترقی کے لیے کام کروں گی۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔