قومی خبریں

پہاڑوں سے میدانوں تک بارش کی تباہی، جموں و کشمیر، اتراکھنڈ اور ناگالینڈ میں 16 افراد جاں بحق

شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک آنے والے سیلاب نے جموں و کشمیر، اتراکھنڈ اور ناگالینڈ میں تباہی مچا دی ہے۔ مختلف حادثات میں 16 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ کئی علاقے اب بھی خطرے کی زد میں ہیں

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

 

ہندوستان کے شمالی، مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں جنوب مغربی مانسون کی شدت کے باعث شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ مختلف ریاستوں میں پیش آنے والے بارش سے متعلق حادثات میں کم از کم 16 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد افراد لاپتہ اور کئی زخمی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چھ سے سات دن تک شمالی، مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان میں مانسون کے سرگرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک آنے والے سیلاب سے کم از کم 11 افراد کی جان چلی گئی ہے۔ سب سے زیادہ تباہی پونچھ کی سرنکوٹ تحصیل میں دیکھی گئی، جہاں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مسلسل بارش اور تباہ حال سڑکوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دہلی کا اپنا دورہ مختصر کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لینے کے لیے جموں واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے متاثرہ اضلاع کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے حکام کو متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے کی ہدایت دی ہے۔

شدید بارش کے پیش نظر حکام نے امرناتھ یاترا کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ پہلگام اور بال تل راستوں کے علاوہ بال تل، نون ون، چندن واڑی کے بیس کیمپوں اور جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے یاتریوں کی آگے روانگی بھی روک دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں 19 سے 23 جولائی کے دوران درمیانے سے شدید درجے کی بارش متوقع ہے۔

اتراکھنڈ کے بیشتر علاقے بھی مسلسل بارش سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہری دوار ضلع میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دو قومی شاہراہوں سمیت 84 سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں شدید بارش کے پیش نظر ریڈ، اورنج اور ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ناگالینڈ کے مون ضلع میں اچانک آنے والے سیلاب کے نتیجے میں کم از کم تین افراد کی موت ہو گئی ہے۔ شدید بارش کے باعث مکانات، سڑکیں اور عوامی بنیادی ڈھانچے کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہیں بند ہو گئی ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملبے تلے مزید افراد دبے ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے مغربی بنگال کے شمالی اضلاع میں آئندہ دو دن تک شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ دارجلنگ، کلیمپونگ، جلپائی گوڑی، علی پور دوار اور کوچ بہار سمیت کئی اضلاع میں مسلسل بارش کے باعث تیستا، تورسا، جل ڈھاکہ اور رائدک ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض اضلاع میں انتہائی شدید بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔