
راہل گاندھی (ویڈیو گریب)
نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو سے ریاست میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے لیے 27 فیصد ریزرویشن نافذ کرنے اور اس کے تحت منتخب امیدواروں کی زیرِ التوا تقرریاں فوری طور پر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ راہل گاندھی نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے نام ایک خط بھی ارسال کیا ہے، جسے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کیا۔
راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ اندور میں منعقدہ ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کے دوران او بی سی زمرے سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے انہیں بتایا کہ انتخابی عمل مکمل ہونے کے باوجود 27 فیصد او بی سی ریزرویشن کے تحت 13 فیصد عہدوں پر تقرریاں کئی برس سے رکی ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق یہ نوجوان چار سال سے زیادہ عرصے سے اپنی تقرری کا انتظار کر رہے ہیں اور اس تاخیر سے ان کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ طلبہ کی شکایات اور ان کے مستقبل سے متعلق تشویش کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ موہن یادو سے اپیل کی کہ وہ ان طلبہ اور امیدواروں کی بات سنیں اور 27 فیصد او بی سی ریزرویشن کو نافذ کرتے ہوئے تمام منتخب امیدواروں کو تقرری دی جائے۔
اندور میں 19 ستمبر کو منعقد ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں طلبہ نے تعلیم، روزگار، بھرتیوں میں تاخیر اور ریزرویشن سمیت مختلف مسائل راہل گاندھی کے سامنے رکھے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پروگرام میں مدھیہ پردیش میں سرکاری امتحانات پاس کرنے کے باوجود بعض امیدواروں کی تقرری نہ ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ موہن یادو اس سے قبل اندور میں راہل گاندھی کے پروگرام میں اٹھائے گئے بعض مسائل پر ردعمل دے چکے ہیں اور ان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی حکومت کے اقدامات اور اعداد و شمار کو سامنے رکھ کر بات کی جانی چاہیے۔
راہل گاندھی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ امیدواروں نے امتحانات پاس کرنے کے ساتھ بھرتی کا عمل بھی مکمل کیا، لیکن 87:13 کے فارمولے کے تحت او بی سی ریزرویشن سے متعلق 13 فیصد عہدوں کو ’ہولڈ‘ پر رکھا گیا ہے۔ خط کے مطابق ان عہدوں کے لیے منتخب امیدوار 2022 سے تقرری کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے 27 فیصد او بی سی ریزرویشن کی حمایت کی تھی، اس کے باوجود معاملہ اب تک حل نہیں ہوا۔ ان کے مطابق تاخیر کے باعث امیدوار اپنے ریزرویشن کے حق اور تقرری کے مطالبے کو لے کر بار بار احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ راہل گاندھی نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ طلبہ کے نمائندوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے جائیں اور 27 فیصد او بی سی ریزرویشن کے تحت 13 فیصد عہدوں پر منتخب تمام امیدواروں کی تقرری کا راستہ صاف کیا جائے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔