قومی خبریں

قومی آواز بلیٹن: لوگوں کے ہاتھ میں پیسہ کا مطالبہ؛ کورونا کا ٹیکہ تیار؛ ادھیر رنجن کو نئی ذمہ داری

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: ڈیمانڈ بڑھانے کے لیے لوگوں کے ہاتھوں میں دیا جائے پیسہ: ابھیجیت بنرجی؛ جلد ہوگا کورونا کا خاتمہ! اسرائیل نے تیار کیا ٹیکہ، وائرس کو جسم میں ہی کر دے گا ختم

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ڈیمانڈ بڑھانے کے لیے لوگوں کے ہاتھوں میں دیا جائے پیسہ: ابھیجیت بنرجی

ہندوستان میں اس وقت لاک ڈاؤن کا تیسرا دور چل رہا ہے۔ اس دوران معیشت پوری طرح پٹری سے اتر چکی ہے، غریبوں کا حال برا ہے، مہاجر مزدوروں کی حالت خراب ہے، چھوٹے اور درمیانی صنعت دیوالیہ ہونے کے دہانے پر ہیں۔ ایسے میں کیا تدابیر ہو سکتی ہیں کہ ملک کی معیشت کو پھر سے پٹری پر لایا جا سکے۔ انہی سب مسائل پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے نوبل انعام یافتہ دنیا کے مشہور و معروف ماہر اقتصادیات ڈاکٹر ابھیجیت بنرجی سے تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران ڈاکٹر بنرجی نے کہا کہ اس وقت ڈیمانڈ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ لوگوں کے ہاتھ میں پیسہ ہونا چاہیے تاکہ وہ خریداری کر سکیں۔ اگر ان کے پاس پیسہ ہو اور آپ یعنی حکومت پیسہ دینے کا وعدہ کرے تو یہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی لاک ڈاؤن ہٹایا جا رہا ہے اگر وہاں کے رہنے والوں کے اکاؤنٹس میں 10 ہزار روپے ہیں تو پھر وہ خرچ کریں گے۔ بنرجی نے کہا کہ معیشت کو پٹری پر لانے کا سب سے آسان طریقہ خرچ کرانا ہے۔ کیونکہ اس سے ایم ایس ایم ای کے ہاتھ میں بھی پیسہ آئے گا، وہ بھی خرچ کریں گے، اور اس طرح ایک سلسلہ بن جائے گا۔

ڈاکٹر بنرجی نے کہا کہ اس وقت سب لوگوں کو عارضی راشن کارڈ بنا کر دینا چاہیے تھا تاکہ وہ کہیں سے بھی کم از کم راشن لے سکیں۔ ڈاکٹر بنرجی نے کہا اس منصوبہ کو اس وقت نافذ کرنے کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ یہ ہم آدھار کارڈ سے فائدہ اتھا سکتے تھے اور بہت سارے لوگوں کو مصیبت سے بچایا جا سکتا تھا۔ اگر ایسا ہوتا تو لوگ مقامی راشن کی دکان پر جاتے اور اپنا آدھار دکھا کر پی ڈی ایس کی دوکان سے اپنا راشن لے لیتے۔

گفتگو کی تفصیلات آپ قومی آواز ڈاٹ کام پر پڑھ اور دیکھ سکتے ہیں

Published: undefined

7 مئی کے بعد بیرون ممالک میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لایا جائے گا: مرکزی حکومت کا اعلان

مرکزی حکومت نے منگل کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ بیرون ممالک میں پھنسے تمام ہندوستانیوں کو سات مئی کے بعد خصوصی چارٹرڈ طیارہ سے ملک واپس لایا جائے گا اور اس کے لئے منصوبہ تیار کیا جا چکا ہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے پیش سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے یہ اطلاع سپریم کورٹ کی تین رکنی بنچ کو دی۔ مرکزی حکومت نے بنچ کو بتایا کہ سات مئی سے بیرون ملک میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے وزارت خارجہ نے پوری تیاری کرلی ہے۔ اس منصوبہ کے تحت نیپال میں پھنسے ہندوستانیوں کو لایا جانا بھی شامل ہے۔

Published: undefined

جلد ہوگا کورونا کا خاتمہ! اسرائیل نے تیار کیا ٹیکہ، وائرس کو جسم میں ہی کر دے گا ختم

کورونا کے قہر کی خبروں کے درمیان ایک اچھی خبر بھی سامنے آئی ہے۔ اس اچھی خبر کے بعد امید جاگی ہے کہ جلد دنیا کو کورونا وائرس سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسرائیل نے کورونا انفیکشن کا ٹیکہ تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ جلد ہی یہ ٹیکہ بازار میں بھی دستیاب ہوگا تاکہ موجودہ بحرانی حالت سے باہر نکلا جا سکے۔ دراصل اسرائیل کے وزیر دفاع نفتالی بینیٹ کا کہنا ہے کہ ڈیفنس بایولوجیکل انسٹی ٹیوٹ نے کورونا وائرس کا ٹیکہ تیار کر لیا ہے جس کے پیٹنٹ اور پروڈکشن کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔ اس تعلق سے 'ٹائمز آف اسرائیل' میں ایک خبر شائع ہوئی ہے۔

Published: undefined

لاک ڈاؤن ضابطوں کو نظر انداز کرنے سے بڑھ سکتے ہیں کورونا کے معاملے

لاک ڈاؤن کے دوران ملک کے کئی حصوں میں رعایت دی جا رہی ہے لیکن اس دوران اگر لوگوں نے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ضروری ہدایات پر عمل نہیں کیا تو اب تک کی گئی محنت بیکار ہو جائے گی اور کورونا انفیکشن کے معاملوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

امریکہ میں یہی ہوا ہے اور وہاں لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں نے ضروری رہنما ہدایات پر عمل نہیں کیے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وہاں کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا۔ راجدھانی دہلی میں شراب کی دکانیں کھولنے کے بعد جس طرح کی بھیڑ نکلی جسے کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کو خاصی مشقت کرنی پڑی اور شراب خریدنے کے لئے جس طرح سے دھکا مکی ہوئی اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان میں اگر کورونا کے کچھ مشتبہ مریض ہوئے تو انہوں نے کتنے لوگوں کو متاثر کیا ہوگا۔

Published: undefined

پوری دنیا میں کورونا سے ڈھائی لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موت

  • پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد جہاں ساڑھے 36 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے وہیں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
  • امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 12 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور وہاں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 70 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
  • برطانیہ میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور وہاں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 29 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
  • اٹلی میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 29 ہزار سے زیادہ ہے۔ اسپین اور فرانس میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 ہزار سے زیادہ ہے۔
  • سعودی عرب میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے 28 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں اموات کی تعداد 191 ہے۔

Published: undefined

کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری پارلیمنٹ کی ’پبلک اکاونٹس کمیٹی‘ کے چئیرمین مقرر

حکومت نے پبلک اکاونٹس کمیٹی قائم کی ہے اور لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری کو اس کا چئیرمین مقرر کیا ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 20 رکنی پبلک اکاونٹس کمیٹی میں 15 رکن لوک سبھا اور پانچ راجیہ سبھا کے رکن ہیں جبکہ دو جگہیں ابھی خالی ہیں۔ پارلیمنٹ کی اس کمیٹی کے چئیرمین کا عہدہ روایتی طور پر اپوزیشن کے پاس ہی رہتا ہے۔

Published: undefined

قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، لاک ڈاؤن کے ضوابط کی پابندی ضرور کریں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined