قومی خبریں

یو پی میں ’کسان مہاپنچایت‘ سے پرینکا گاندھی کا خطاب، کہا ’کانگریس حکومت آنے پر سبھی قانون واپس ہوں گے‘

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’جب کانگریس کی حکومت بنے گی تو قانون آپ کی مدد کے لیے بنیں گے، نہ کہ آپ کو پیسنے کے لیے۔ ہم آپ کے دلوں کے ساتھ اور زندگی کے ساتھ سیاست نہیں کریں گے۔‘‘

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر 

اتر پردیش کے سہارنپور میں آج کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہزاروں لوگوں کی بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت کو کسان مخالف، مزدور مخالف اور عوام مخالف قرار دیا۔ سہارنپور میں ’کسان مہاپنچایت‘ کے دوران عوامی سیلاب کی موجودگی میں انھوں نے کسانوں کے حق کی آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ ’’56 انچ کے سینے کے اندر ایک چھوٹا سا دل ہے جو صرف کچھ صنعت کاروں کے لیے دھڑکتا ہے۔ جاگ جائیے، جن سے آپ امید رکھ رہے ہیں یہ آپ کے لیے کچھ نہیں کریں گے۔ اب آپ سمجھ جائیے، جو آپ سے یہ بڑے بڑے وعدے کرتے ہیں، ان کے الفاظ کھوکھلے ہیں۔‘‘ پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ ’’16 ہزار کروڑ کے 2 ہوائی جہاز لے لیے اور 20 ہزار کروڑ پارلیمنٹ کی سجاوٹ میں ختم کر دیا، لیکن کسانوں کا بقایہ 15 ہزار کروڑ آج تک نہیں دیا۔‘‘

Published: undefined

متنازعہ زرعی قوانین کے تعلق سے کسانوں کی جاری تحریک کا تذکرہ کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’یہ آپ کی زمین کی تحریک ہے، آپ پیچھے مت ہٹیے۔ ہم کھڑے ہیں، جب تک یہ بل واپس نہیں ہوتے تب تک ڈٹے رہیے۔‘‘ انھوں نے آگے کہا کہ ’’جب کانگریس کی حکومت آئے گی یہ سبھی بل واپس ہوں گے اور آپ کو ایم ایس پی کی پوری قیمت ملے گی۔‘‘ مرکز کی مودی حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’جب سینکڑوں لوگ انہی سڑکوں پر انہی شاہراہوں پر ننگے پیر اپنے گاؤں کی جانب جا رہے تھے تب کہاں تھی یہ حکومت؟ کیا سہولت دی؟ کس طرح سے مدد کی آپ کی؟ جن لوگوں کے لیے یہ کام کرتے ہیں وہ لوگ آپ کی پروا نہیں کرتے۔‘‘

Published: undefined

پرینکا گاندھی نے کانگریس حکومت بننے پر کسانوں کے لیے آسانی فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جب کانگریس کی حکومت بنے گی تو قانون آپ کی مدد کے لیے بنیں گے، نہ کہ آپ کو پیسنے کے لیے۔ ہم آپ کے دلوں کے ساتھ اور زندگی کے ساتھ سیاست نہیں کریں گے۔ ہم آپ کو مذہب اور ذات کے نام پر توڑیں گے نہیں، آپ کا بنٹوارا نہیں کریں گے، ہم آپ کو جوڑیں گے۔‘‘

Published: undefined

واضح رہے کہ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج صبح ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں جانکاری دی تھی کہ وہ کسانوں کے دل کی بات سننے، سمجھنے اور ان سے اپنے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے سہارنپور پہنچیں گی۔ اقلیتی سیل کے چیئرمین ندیم جاوید نے بھی ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ ’’سہارنپور میں کسان پنچایت میں پرینکا گاندھی جی کو سننے کے لیے ہزاروں ساتھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ ’جے کسان‘ کے نعرے کو سچ کرنے آج کانگریس ہے کسانوں کے سنگ، تاکہ چلتی رہے یہ جدوجہد ہر پتھ پر، ہر لمحہ، ہر دم۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ ندیم جاوید نے کچھ تصویریں بھی شیئر کیں جن میں لوگوں کی زبردست بھیڑ دکھائی دے رہی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined