قومی خبریں

گردابی طوفان ’ارنب‘ سے آندھرا اور اڈیشہ میں تباہی پر پرینکا گاندھی کا اظہار ہمدردی، کئی ریاستوں میں اب بھی موسم اثرانداز

پرینکا گاندھی نے ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’میں سبھی لوگوں کی سلامتی کے لیے دعا گو ہوں اور کانگریس کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p> پرینکا گاندھی (ویڈیو گریب)</p></div>

پرینکا گاندھی (ویڈیو گریب)

 

گردابی طوفان ’ارنب‘ نے آندھرا پردیش اور اڈیشہ میں زبردست تباہی مچائی ہے۔ اس طوفان کا اثر دیگر ریاستوں کی موسم پر بھی پڑا ہے، لیکن آندھرا میں 8 ہلاکتوں کی خبر ہے اور جگہ جگہ کھمبے اکھڑنے کے ساتھ ساتھ درختوں کے گرنے کی بھی جانکاری سامنے آئی ہے۔ اڈیشہ میں بھی تقریباً 300 گاؤں میں سیلاب کی خبریں میڈیا نے دی ہیں۔ ان تباہیوں پر کانگریس جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’میری تمام تر ہمدردیاں آندھرا پردیش کے ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو سمندری طوفان ’ارنب‘ کی وجہ سے ہونے والی تباہی کا سامنا کر رہے ہیں اور اڈیشہ کے ان لوگوں کے ساتھ بھی ہیں جو شدید بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔‘‘

پرینکا گاندھی نے اس سوشل میڈیا پوسٹ میں متاثرین کے لیے خیر خواہی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’میں سبھی لوگوں کی سلامتی کے لیے دعا گو ہوں اور کانگریس کارکنوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں اور راحت و بچاؤ کی کوششوں میں تعاون کریں۔‘‘ کانگریس جنرل سکریٹری نے اس مشکل وقت میں سبھی سے ایک دوسرے کی مدد کرنے کی اپیل کرنے کے ساتھ ساتھ حالات جلد بہتر ہونے کی امید بھی ظاہر کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گردابی طوفان ’ارنب‘ کا اثر کمزور ضرور پڑا ہے، لیکن پوری طرح ختم نہیں ہوا ہے۔ آج بھی کئی ریاستوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا دور جاری رہنے کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ کہیں آندھی کے ساتھ بجلی چمک سکتی ہے، تو کہیں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ کچھ مقامات پر 95 کلومیٹر کی رفتار سے بھی ہوا چل سکتی ہے۔ دہلی-این سی آر میں بھی ارنب کا اثر صاف نظر آ رہا ہے۔ دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد سمیت این سی آر کے علاقوں میں جمعرات کی شب سے ہی دھیمی بارش ہو رہی ہے۔ دہلی میں دیر رات تیز ہوائیں بھی چلیں، جس سے لوگوں کو ٹھنڈک کا احساس ہونے لگا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔