قومی خبریں

’ایشین پیرا گیمز 2026‘ میں شامل ہندوستانی دستے سے کل ملاقات کریں گے وزیر اعظم نریندر مودی

ایشین پیرا گیمز 2026 میں مجموعی طور پر 97 ہندوستانی پیرا ایتھلیٹس نے 114 تمغے جیتے، جن میں 30 طلائی، 35 چاندی اور 49 کانسے کے تمغے شامل تھے۔

<div class="paragraphs"><p>پی ایم مودی، ویڈیو گریب</p></div>

پی ایم مودی، ویڈیو گریب

 

وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات (5 نومبر) کو شام 4:30 بجے نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسپورٹس کمپلیکس میں ’ایشین پیرا گیمز 2026‘ میں حصہ لینے والے ہندوستانی دستے سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم وہاں موجود لوگوں سے خطاب بھی کریں گے۔ اس پروگرام میں کھلاڑی، کوچ، ہندوستانی پیرا اولمپک کمیٹی اور ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیدار، قومی کھیلوں کی فیڈریشنوں کے نمائندے اور نوجوانوں کے امور و کھیل کی وزارت کے افسران شرکت کریں گے

ہندوستان نے رواں سال جاپان کے آئیچی-ناگویا میں منعقدہ ایشین پیرا گیمز میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ مجموعی طور پر 97 ہندوستانی پیرا ایتھلیٹس نے 114 تمغے جیتے، جن میں 30 طلائی، 35 چاندی اور 49 کانسے کے تمغے شامل تھے۔ یہ 2023 میں ہانگژو میں جیتے گئے 111 تمغوں (29 طلائی، 21 چاندی اور 51 کانسے) کے سابقہ بہترین ریکارڈ سے بہتر ہے۔

ایشین پیرا گیمز 2026 میں تاریخی کارکردگی کے بعد وزیر اعظم مودی نے ہندوستانی پیرا ایتھلیٹس کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ایشین پیرا گیمز 2026 میں ہمارے پیرا ایتھلیٹس نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ ریکارڈ 114 تمغوں کے ساتھ یہ ان کھیلوں میں ہندوستان کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔ یہ پورے ملک کے لیے بے حد فخر اور خوشی کا موقع ہے۔ میں اپنے دستے کے ہر رکن کو ان کے غیر معمولی عزم کے لیے مبارک باد دیتا ہوں۔ ہر کھلاڑی نے اس تاریخی کامیابی میں اپنا تعاون دیا ہے اور اپنی کامیابیوں سے بے شمار ہندوستانیوں کو ترغیب دی ہے۔‘‘

پیرا ایشین گیمز 2026 میں تاریخی کارکردگی کے ساتھ ہندوستان تمغوں کی فہرست میں چوتھے مقام پر رہا تھا۔ ہندوستان نے پیرا ایتھلیٹکس میں سب سے زیادہ 65 تمغے حاصل کیے تھے۔ ان میں 22 طلائی، 19 چاندی اور 24 کانسے کے تمغے شامل تھے۔ پیرا تیر اندازی اور پیرا بیڈمنٹن میں ملک کو 3-3 طلائی تمغے ملے۔ اس کے علاوہ شوٹنگ میں ہندوستان نے 2 طلائی سمیت مجموعی طور پر 5 تمغے جیتے۔ ان کھیلوں میں چین مجموعی طور پر 435 تمغوں کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ جاپان نے 186 تمغوں کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔ ازبکستان 145 تمغوں کے ساتھ تیسرے اور جنوبی کوریا 100 تمغوں کے ساتھ پانچویں مقام پر رہا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔