
تصویر/آئی اے این ایس
راجستھان کی راجدھانی جے پور میں نیٹ-پی جی امتحان کے دوران بجلی گل ہونے کے بعد زبردست ہنگامہ ہو گیا۔ سیتاپور واقع ’آئن ڈیجیٹل زون سنٹر‘ پر بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی وجہ سے امتحان میں خلل پڑا اور طلبہ کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ناراض امیدواروں نے زبردست ہنگامہ کیا، سنٹر انتظامیہ سے جواب طلب کیا اور امتحان کے انتظامات پر سخت اعتراض درج کرایا۔ یہ معاملہ نیٹ-پی جی 2026 امتحان سے متعلق ہے، جو جے پور کے 2 امتحان مراکز پر انٹرنل پاور سپلائی فیل ہونے کے باعث متاثر ہوا۔ کئی طلبہ اپنا ٹیسٹ مکمل نہیں کر سکے۔
اس گڑبڑی کے بعد نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشن اِن میڈیکل سائنسز نے متاثرہ طلبہ کے لیے 5 ستمبر کو دوبارہ امتحان کرانے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم طلبہ اور والدین پورے ملک میں دوبارہ امتحان کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایک طالب علم نے کہا کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ نیٹ-پی جی امتحان پورے ملک میں دوبارہ کرایا جائے۔ نیٹ-پی جی امتحان میں ہی شفافیت نہیں ہوگی تو ہم ہندوستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم کے بہتر ہونے کی امید کر سکتے۔‘‘
دوسری جانب این ٹی اے کے امتحان میں بے ضابطگی کے معاملے پر راجستھان کے مالیاتی کمیشن کے چیئرمین ارون چترویدی نے کہا کہ ’’کچھ تکنیکی مسئلہ تھا۔ میں حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ ایسے معاملات سامنے آتے ہی اس نے فوری کارروائی کی اور فوری فیصلے لیے۔ یہ ایک اچھی بات ہے۔‘‘
واضح رہے کہ جے پور کے 2 امتحان مراکز پر بجلی چلے جانے کے باعث درجنوں طلبہ کا امتحان درمیان میں ہی رک گیا۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ بجلی جانے کے بعد کمپیوٹر بند ہو گئے اور کافی دیر تک انتظامات درست نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے ان کا وقت ضائع ہوا اور وہ پیپر مکمل نہیں کر پائے۔ طلبہ نے امتحان مراکز کے انتظامات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے قومی سطح کے امتحان میں پاور بیک اپ جیسی بنیادی سہولت کا نہ ہونا لاپروائی ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ صرف 2 مراکز پر دوبارہ امتحان کرانے سے دیگر طلبہ کے ساتھ ناانصافی ہوگی، اس لیے پورے ملک میں امتحان دوبارہ کرایا جانا چاہیے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔