
بھاکھڑا نہر پر بنا پل منہدم (ویڈیو گریب)
پنجاب کے پٹیالہ ضلع میں پٹیالہ-سنگرور بائی پاس پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں بھاکھڑا نہر پر بنا پل منہدم ہو گیا۔ حادثہ کے وقت پل سے گزر رہے 2 ٹرک اس کے اندر ہی دھنس گئے۔ اس دوران ایک ٹرک میں آگ لگ گئی، جس سے موقع پر افراتفری مچ گئی۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر ڈپارٹمنٹ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ غنیمت رہی کہ اس حادثے میں ٹرک ڈرائیور اور اسٹاف بال بال بچ گئے۔ اس حادثہ پر کانگریس کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ پارٹی نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر حادثہ زدہ پل کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مودی حکومت میں بدعنوانی کی تصویر دیکھیے۔ پنجاب کے بھاکھڑا نہر پر بنا پل آج صبح منہدم ہو گیا۔‘‘
کانگریس نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’2016 میں پل بنانے والی این ایچ اے آئی نے اس کی عمر 100 سال بتائی تھی، لیکن یہ محض 10 سال میں ہی ٹوٹ کر لٹک گیا۔ مودی حکومت انفراسٹرکچر کے نام پر وصولی تو پوری کرتی ہے، لیکن پھر لوگوں کو مرنے کے لیے چھوڑ دیتی ہے۔‘‘ پارٹی نے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے لکھا کہ’’ایسے گھٹیا انفراسٹرکچر مودی حکومت کی پہچان بن چکے ہیں۔ کبھی افتتاح ہوتے ہی سڑک ٹوٹ جاتی ہے تو کہیں پورا پل ہی بہہ جاتا ہے۔ مودی کا ’کرپشن ماڈل‘ جان و مال کا نقصان کر رہا ہے، لیکن ان لوگوں کو ذرہ برابر بھی شرم نہیں آ رہی۔‘‘
حادثہ کا شکار ہوئے ایک ٹرک کے ڈرائیور سکھوندر سنگھ (ساکن پیہووا) نے بتایا کہ وہ پیہووا کی جانب سے ٹرک میں ریت بھر کر چنّو (گجّو ماجرہ) جا رہے تھے۔ صبح تقریباً 5 بجے دونوں ٹرک آگے پیچھے چل رہے تھے کہ اچانک پل منہدم ہونے کے باعث دونوں گاڑیاں نیچے دھنس گئیں۔ پل سے ٹکراتے ہی ایک ٹرک میں آگ لگ گئی۔ سکھوندر سنگھ کے مطابق ان کے ٹرک میں ڈرائیور سمیت 3 افراد (ایک کنڈکٹر اور ایک مزدو) سوار تھے، جبکہ دوسرے ٹرک میں بھی ایک یا 2 افراد موجود تھے۔ غنیمت رہی کہ اس خوفناک حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حالانکہ سب کو چوٹیں آئی ہیں اور دونوں ٹرک پوری طرح تباہ ہو گئے ہیں۔
اسٹاف نے الزام عائد کیا کہ پل پہلے سے ہی ہلتا تھا اور اسے مرمت کی ضرورت تھی، لیکن شکایتوں کے باوجود اس کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ اس کے علاوہ حادثہ کے وقت اندھیرا تھا اور شروعات میں این ایچ اے آئی یا انتظامیہ کی کوئی ٹیم موقع پر نہیں پہنچی۔ تمام لوگ خود ہی بڑی مشکل سے باہر نکلے۔ بہر حال نیشنل ہائی وے-7 پر آمد و رفت بری طرح متاثر ہے اور محض 10 سال قبل بنے اس ہائی وے پل کے منہدم ہو جانے سے این ایچ اے آئی کے تعمیراتی کاموں پر سنگین سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔