
شراب کی علامتی تصویر، آئی اے این ایس
کرناٹک کے ضلع کلبرگی واقع مہاگاؤں پولیس اسٹیشن میں تعینات ایک پولیس کانسٹیبل کو ہفتہ کے روز معطل کر دیا گیا۔ اس کے خلاف یہ کارروائی اس وقت کی گئی، جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ مبینہ طور پر ہرسورو گاؤں میں ایک مسجد کی چھت پر شراب پیتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ معطل کیے گئے کانسٹیبل کی شناخت ہنومنتھا کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ واقعہ کمل پورہ تعلقہ کے ہرسورو گاؤں میں پیش آیا، جہاں دیہی عوام نے اس کی ایک ویڈیو بنائی۔ اس ویڈیو میں وہ مبینہ طور پر مسجد کی چھت پر شراب پی رہا تھا۔ یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔
اس ویڈیو اور معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس محکمہ نے فوری تحقیقات شروع کی اور ابتدائی طور پر جو کچھ پتہ چلا، اُس کے بعد کانسٹیبل کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہرسورو گاؤں میں ایک تنازعہ ہوا تھا، جس کے بعد امن و قانون برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی قدم کے طور پر ہنومنتھا اور دیگر اہلکاروں کو وہاں تعینات کیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ کانسٹیبل نے ڈیوٹی کے دوران شراب پی۔ ابتدائی تحقیقات میں اس بات کی تصدیق ہونے کے بعد کہ اس نے شراب پی تھی، کلبرگی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) اڈورو سرینواسولو نے اس کی معطلی کا حکم جاری کیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو بڑے پیمانے پر وائرل ہونے کے بعد یہ واقعہ موضوعِ بحث بن گیا۔
اس سے قبل کلبرگی کے آلند پولیس اسٹیشن کے ایک پولیس انسپکٹر اور 3 کانسٹیبلوں کو بھی حال ہی میں معطل کیا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ایف آئی آر درج کیے بغیر بلیک مارکیٹ کے ’اَنّ بھاگیہ‘ چاول سے لدے ضبط شدہ گاڑی کو چھوڑنے کے لیے رشوت لی تھی۔ اگست 2026 میں بنگلورو میں 5 نئے پولیس کمشنریٹ قائم کرنے کی تجویز سے متعلق خفیہ معلومات افشا کرنے کے الزام میں بھی 4 اہلکاروں کو معطل کیا گیا تھا۔ ان میں ایک سیکنڈ ڈویژن اسسٹنٹ، ایک فرسٹ ڈویژن اسسٹنٹ، ایک سیکشن سپرنٹنڈنٹ اور ایک خاتون ہیڈ کانسٹیبل شامل تھیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔