
وزیر اعظم نریندر مودی (فائل تصویر)
وزارت خارجہ نے جمعرات کو اطلاع دی کہ وزیر اعظم نریندر مودی 2 اہم غیر ملکی دوروں پر جائیں گے۔ وزارت خارجہ کے سکریٹری (مغرب) سِبی جارج نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی 29 سے 30 اگست تک ازبکستان کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد 31 اگست سے یکم ستمبر تک وہ کرغزستان کی راجدھانی بشکیک میں رہیں گے۔ سِبی جارج کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی ازبکستان کے صدر کی دعوت پر 29 اور 30 اگست کو ازبکستان جائیں گے۔ ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان گزشتہ کئی برسوں سے دوطرفہ اور کثیر جہتی سطح پر وسیع اور بامعنی مذاکرات ہوتے رہے ہیں۔ ہندوستان اور ازبکستان نے 2011 میں اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک پہنچایا تھا۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کئی شعبوں میں مسلسل مضبوط ہوئے ہیں۔
وزارت خارجہ کے سکریٹری نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان قریبی، کثیر جہتی اور مسلسل بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کرے گا۔ اس دوران فریقین باہمی مفاد سے متعلق کئی امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ ساتھ ہی دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے راستے تلاش کیے جائیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے چلے آ رہے ثقافتی تعلقات کو بھی اس دورے کے دوران نمایاں اہمیت ملنے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ ازبکستان کے دورے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی 31 اگست سے یکم ستمبر تک کرغزستان کی راجدھانی بشکیک میں رہیں گے۔ وہ یہاں 26ویں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزارت خارجہ کے سکریٹری سِبی جارج نے بتایا کہ ایس سی او کے قیام کا بنیادی مقصد دہشت گردی، علیٰحدگی پسندی اور انتہا پسندی یعنی تین برائیوں سے نمٹنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیلنجز آج بھی برقرار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بشکیک میں ہونے والا ایس سی او سربراہی اجلاس علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کا ایک اہم پلیٹ فارم ہوگا۔ وزیر اعظم کی شرکت کے دوران دہشت گردی، علیٰحدگی پسندی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ رہے گی۔ اس طرح وزیر اعظم مودی کا یہ دورہ وسطی ایشیا میں ہندوستان کی اسٹریٹجک سرگرمی اور علاقائی تعاون کے لحاظ سے اہم مانا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔