قومی خبریں

پی ایم مودی نے عید میلاد النبی کے موقع پر پیش کی مبارکباد، کھڑگے نے بھی بھائی چارہ کا دیا پیغام

پی ایم مودی نے عید میلادالنبی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے امید ہے یہ موقع اتحاد اور خوشی میں اضافہ کرے گا۔ معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے اور رحم دل رہنے کا جذبہ ہمیشہ ہماری رہنمائی کرے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>عید میلاد النبی، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>

عید میلاد النبی، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia

 

وزیر اعظم نریندر مودی نے عید میلاد النبی کے موقع پر سبھی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ شیئر کرتے لکھا ہے کہ ’’عید مبارک! میلاد النبی کے موقع پر مبارکباد۔ مجھے امید ہے کہ یہ موقع ہمارے ارد گرد اتحاد اور خوشی میں اضافہ کرے گا۔ معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنے اور رحم دل رہنے کا جذبہ ہمیشہ ہماری رہنمائی کرے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ آج عید کے ساتھ ساتھ اونم کا تہوار بھی منایا جا رہا ہے۔ پی ایم مودی نے اونم کے حوالے سے بھی پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں لکھا ہے کہ ’’آپ سبھی کو اونم کی بہت بہت مبارکباد۔ یہ ایک شاندار تہوار ہے جسے پوری دنیا میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار خوشی، اتحاد اور خوشحالی کے جذبے کو مزید مضبوط کرے۔ آپ سب کے لیے اونم شاندار ہو۔‘‘

اس درمیان کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے نے بھی عوام کو عید میلاد النبی کے پیش نظر نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’عید میلاد النبی کے مقدس موقع پر میں سب کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات ہمیں انسانیت کے لیے ہمدردی، امن اور انصاف کی پائیدار قدروں کی یاد دلاتی ہیں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’دعا ہے یہ موقع بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط کرے اور ہمیں باہمی احترام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر مبنی ایسا معاشرہ بنانے کی ترغیب دے جو ہماری متنوع قوم کو متحد رکھے۔‘‘

عید میلاد النبی کے موقع پر کانگریس نے بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے مبارکباد پر مشتمل ایک مختصر پیغام جاری کیا ہے۔ پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’کانگریس خاندان کی جانب سے عید میلاد النبی مبارک۔ دعا ہے کہ یہ بابرکت موقع ہر گھر میں امن، محبت اور ہم آہنگی لے کر آئے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ عید میلاد النبی دراصل آخری پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یومِ پیدائش کو پیش نظر رکھتے ہوئے منایا جاتا ہے۔ حضرت محمدؐ کی ولادت 12 ربیع الاول کو مکہ مکرمہ میں ہوئی تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔