
برج بھوشن شرن سنگھ کے قریبی لوگ سماجوادی پارٹی میں شامل (ویڈیو گریب)
اتر پردیش میں اسمبلی انتخاب 2027 سے قبل لیڈران کے پارٹی بدلنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ جمعرات (15 اکتوبر) کو سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی اور بی ایس پی کے کئی اہم لیڈران کو پارٹی میں شامل کرایا۔ لکھنؤ میں پارٹی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ان لیڈران نے سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے والے لیڈران میں سب سے بڑا نام گونڈا کے بلاک پرمکھ بھوانی بھیکھ شکلا کا ہے، جنہوں نے اپنے 5 بیٹوں کے ساتھ بی جے پی چھوڑ کر سماجوادی پارٹی کا دامن تھام لیا۔ اکھلیش یادو نے تمام لیڈران کو پارٹی کی رکنیت دلائی۔
سماجوادی پارٹی میں شامل ہونے والوں میں مرادآباد کے سابق رکن اسمبلی راجیو چنّا اور منموہن سینی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ میرٹھ سے بی ایس پی کے سابق رکن اسمبلی ونے کورالی نے بھی سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ان تمام لیڈران میں بھوانی بھیکھ شکلا کی سماجوادی پارٹی میں شمولیت کو بی جے پی کے لیے بڑا جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی موجودگی میں سماجوادی پارٹی کے کارکنان نے پارٹی دفتر میں ’جے بھوانی، جے اکھلیش‘ کے نعرے لگائے۔
بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے قریبی مانے جانے والے بھوانی بھیکھ شکلا گونڈا کے رہنے والے ہیں اور ضلع پنچایت کے رکن ہیں۔ وہ تقریباً 26 سال سے بلاک پرمکھ کے عہدے سے وابستہ ہیں۔ ان کی اہلیہ جُگرانی کٹرا بازار کی بلاک پرمکھ ہیں۔ بھوانی بھیکھ شکلا نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1999 میں بی جے پی سے ہی کیا تھا۔ 2009 سے 2012 تک وہ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) میں رہے۔ اس کے بعد 2012 سے 2017 تک سماجوادی پارٹی میں رہے۔ 2017 میں سماجوادی پارٹی چھوڑ کر دوبارہ بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔ اب ایک بار پھر انہوں نے سماجوادی پارٹی میں واپسی کر لی ہے۔
پارٹی میں شمولیت کے اس پروگرام میں جب اکھلیش یادو کارکنان سے خطاب کرنے آئے تو انہوں نے بی جے پی پر ’ووٹ چوری‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی 10 چالیں گنوائیں۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کی 10 انتخابی چالیں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔ ان میں فرضی ووٹرس کے نام شامل کرانا، مخالفین کے ووٹ کٹوانا، پولنگ کے دن بندوق تاننا، ای وی ایم میں گڑبڑی کرنا، ووٹوں کی گنتی میں بے ضابطگی کرنا، ہارے ہوئے امیدوار کو جیت کا سرٹیفکیٹ دینا، اپوزیشن میں پھوٹ ڈالنا اور اپوزیشن کو توڑ کر حکومت بنوانا شامل ہیں۔
اکھلیش یادو نے اس دوران کہا کہ سماجوادی پارٹی کے پی ڈی اے اتحاد کے مسلسل مضبوط ہونے کی وجہ سے بی جے پی اپنی حمایت کھو رہی ہے۔ اکھلیش نے کہا کہ سماجوادی پارٹی محبت، رحم دلی اور اتحاد کے ذریعے لوگوں کو جوڑنے کا کام کر رہی ہے، جبکہ انہوں نے بی جے پی پر درد، دکھ اور بے عزتی پھیلانے کا الزام عائد کیا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی والوں کی ٹنکی پھوٹے گی، ہمیں اس کے لیے مٹکے منگوانے ہوں گے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔