کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia
دہلی کے تالکٹورا اسٹیڈیم میں کانگریس کے زیر اہتمام ’بھاگیداری نیائے سمیلن‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ملک میں او بی سی طبقے کو ان کا حق دلانے کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔ اس موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے زور دار خطاب کرتے ہوئے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر شدید تنقید کی۔
ملکارجن کھڑگے نے کہا، ’’مجھے خوشی ہے کہ یہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہیں اور وہ اپنے حقوق کو سمجھنے لگے ہیں۔ ہمیں ذات پر مبنی مردم شماری کرانی ہے اور ریزرویشن کی موجودہ 50 فیصد حد کو ختم کرنا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ او بی سی کی آواز تبھی سنی جائے گی، جب او بی سی کے لوگ خود اقتدار میں آئیں گے۔
Published: undefined
کھڑگے نے وزیراعظم نریندر مودی کو ’جھوٹوں کا سردار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’مودی جی خود کو او بی سی کہتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ پہلے اپر کاسٹ میں تھے۔ وزیراعلیٰ بننے کے بعد اپنی ذات کو او بی سی فہرست میں شامل کرایا۔ اب وہ او بی سی عوام سے کہتے ہیں کہ ’میں پچھڑے طبقے کا ہوں، مجھے ستایا گیا‘، مگر حقیقت یہ ہے کہ اب وہ سب کو ستا رہے ہیں۔‘‘
کانگریس صدر نے مزید کہا کہ، ’’نریندر مودی نے ہر سال دو کروڑ نوکریاں دینے، ہر فرد کو 15 لاکھ دینے، کسانوں کو ایم ایس پی دینے اور پسماندہ طبقات کی آمدنی بڑھانے جیسے وعدے کیے، لیکن ان میں سے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔‘‘
Published: undefined
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو اب بیدار ہونا ہوگا اور ایسے جھوٹے وعدے کرنے والے وزیراعظم کو آئندہ اقتدار سے باہر کرنا ہوگا۔ کھڑگے نے کہا، ’’آر ایس ایس اور بی جے پی کے لوگ نفرت پھیلاتے ہیں، ہمیں ان کے خلاف متحد ہو کر لڑنا ہوگا۔ جس طرح آزادی کی لڑائی میں سب نے کانگریس کا ساتھ دیا، ویسا ہی اتحاد آج درکار ہے۔‘‘
اس موقع پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے او بی سی شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر انیل جے ہند نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے ملکارجن کھڑگے کو ’سماجی انصاف کے چیمپئن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی جدوجہد اور کامیابیاں لاکھوں لوگوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔
Published: undefined
ڈاکٹر انیل نے بتایا کہ کھڑگے کا تعلق ایک سادہ دلت خاندان سے ہے اور انہوں نے نہ صرف نو بار اسمبلی الیکشن جیتا بلکہ مرکزی وزیر، لوک سبھا میں کانگریس لیڈر، راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف اور اب پارٹی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے کہ ایسے عظیم رہنما نے اس پروگرام کا افتتاح کیا۔‘‘
کانفرنس میں یہ پیغام عام رہا کہ کانگریس او بی سی، پسماندہ اور محروم طبقات کے ساتھ کھڑی ہے اور ذات پر مبنی مردم شماری، ریزرویشن کی حد میں توسیع اور سماجی انصاف کے لیے پرعزم ہے۔ ڈاکٹر انیل نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ راہل گاندھی کا ساتھ دیں، کیونکہ وہی واحد لیڈر ہیں جنہوں نے کھل کر او بی سی مردم شماری کی وکالت کی ہے اور پسماندہ طبقات کی حقیقی نمائندگی کرتے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: بشکریہ محمد تسلیم