قومی خبریں

دہلی کے 53 ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کے لیے این جی ٹی نے جاری کیں ہدایات

نیشنل گرین ٹریبونل کی پرنسپل بنچ نے دہلی کے 53 ایسے ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے، جنہوں نے ڈیجیٹل واٹر میٹر اور پائزومیٹر لگانے کے احکامات پر عمل نہیں کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>نیشنل گرین ٹریبونل، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

نیشنل گرین ٹریبونل، تصویر/آئی اے این ایس

 

دہلی میں گراؤنڈ واٹر کے قوانین کو نظر انداز کرنے والے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسوں پر اب سخت کارروائی ہونے جا رہی ہے۔ نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) کی پرنسپل بنچ نے دہلی کے 53 ایسے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے، جنہوں نے ڈیجیٹل واٹر میٹر اور پائزومیٹر لگانے کے احکامات پر عمل نہیں کیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق ٹریبونل نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتہ کے اندر ان اداروں کے خلاف کارروائی مکمل کرنے اور اپنی رپورٹ پیش کرنے سے متعلق سخت حکم دیا ہے۔ یہ حکم 16 نومبر 2026 کو ’ورون بنام قومی راجدھانی علاقہ دہلی حکومت اور دیگر‘ (اصل درخواست نمبر 2021/89) سے وابستہ عملدرآمد کی درخواست نمبر 2023/11 کی سماعت کے دوران جاری کیا گیا۔

مذکورہ معاملے کی سماعت این جی ٹی کے صدر جسٹس پرکاش شریواستو اور ماہر رکن ڈاکٹر افروز احمد کی بنچ نے کی۔ سماعت کے دوران ٹریبونل نے دہلی جَل بورڈ (ڈی جے بی) کی جانب سے 2 ستمبر 2026 کو داخل کی گئی تعمیلی رپورٹ پر غور کیا۔ اس رپورٹ سے انکشاف ہوا تھا کہ دہلی کے کل 555 ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسوں میں سے 123 اداروں نے ڈیجیٹل واٹر میٹر اور پائزومیٹر لگانے کی ہدایات کو نظرانداز کیا تھا۔ ٹریبونل نے اس بات پر کافی ناراضگی کا اظہار کیا کہ دہلی جَل بورڈ کے بار بار نوٹس دیے جانے کے باوجود ان ہوٹلوں نے ضروری آلات نصب نہیں کروائے۔

سماعت کے دوران کرول باغ کے ایس ڈی ایم نے بنچ کو تازہ ترین حالات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی سختی کے بعد 42 اداروں نے قوانین کی پابندی کرتے ہوئے آلات نصب کروا لیے ہیں۔ اس کے علاوہ 25 اداروں نے یہ اطلاع دی ہے کہ ان کے احاطے میں کوئی بورویل موجود نہیں ہے۔ ساتھ ہی جانچ میں ایک ادارہ ایس ڈی ایم کے دائرہ اختیار سے باہر پایا گیا، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 2 اداروں کے بورویل سیل کر دیے گئے ہیں۔ ان تمام کارروائیوں کے بعد اب بھی 53 ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس ایسے بچے ہیں جن کے خلاف کارروائی ہونی باقی ہے۔

ایس ڈی ایم نے ٹریبونل کو یقین دلایا کہ باقی ماندہ 53 ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس کے خلاف آئندہ ایک ہفتہ کے اندر ہر حال میں کارروائی کر دی جائے گی۔ اس کے فوراً بعد ’ایکشن ٹیکن رپورٹ‘ (کارروائی کی رپورٹ) داخل کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی این جی ٹی نے دہلی جَل بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ وہ عبوری درخواست میں اٹھائے گئے مسائل پر 10 دن کے اندر فیصلہ کرے اور اس کی تعمیل سے متعلق رپورٹ جمع کرائے۔ ٹریبونل نے اس معاملے کی آئندہ سماعت کے لیے 9 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔