قومی خبریں

ری-نیٹ یو جی 2026 کا امتحان سخت نگرانی میں مکمل، 20 لاکھ سے زائد طلبہ شریک

نیٹ یو جی 2026 کا دوبارہ امتحان ملک بھر کے 5440 مراکز اور بیرون ملک 14 مراکز پر منعقد ہوا۔ این ٹی اے نے 20 لاکھ سے زائد امیدواروں کی شرکت اور سخت حفاظتی انتظامات کا دعویٰ کیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

 

نئی دہلی: ری-نیٹ یو جی 2026 کا دوبارہ امتحان اتوار کو ملک بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان منعقد ہوا۔ امتحان شام تقریباً سوا پانچ بجے اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس امتحان میں 20 لاکھ سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا۔

این ٹی اے کے مطابق امتحان ملک بھر کے 5440 مراکز اور بیرون ملک 14 مراکز پر 13 زبانوں میں منعقد کیا گیا۔ اس دوران پولیس اہلکاروں، مبصرین اور امتحانی عملے سمیت تقریباً سات لاکھ افراد کی خدمات حاصل کی گئیں تاکہ امتحانی عمل کو شفاف اور محفوظ بنایا جا سکے۔

Published: undefined

ایجنسی کے مطابق مختلف ریاستی حکومتوں نے امتحانی مراکز کے باہر امیدواروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے سایہ، پینے کے پانی، کھانے پینے کی سہولت، ایمبولینس اور طبی خدمات کا انتظام کیا۔ کئی ریاستوں میں امیدواروں کے لیے مفت آمد و رفت کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔

این ٹی اے نے بتایا کہ امتحان کے دوران آدھار پر مبنی بایومیٹرک تصدیق، چہرے کی شناخت، نگرانی کے کیمرے، جیمر اور مقامی پولیس کی مدد سے دو سطحی حفاظتی نظام نافذ کیا گیا۔ ادارے نے صرف 37 دن کے اندر دوبارہ امتحان کے انعقاد کو اپنی اہم کامیابی قرار دیا۔

Published: undefined

ادھر امتحان سے ایک روز قبل امتحانی مرکز کی تقسیم کو لے کر تنازعہ سامنے آیا تھا۔ ایک امیدوار نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کا مرکز ناگپور کے بجائے ابو ظبی مقرر کر دیا گیا۔ تاہم این ٹی اے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ویب ریکارڈ کے مطابق امتحانی شہر میں تبدیلی امیدوار کے رجسٹرڈ لاگ اِن کے ذریعے اصلاحی مدت کے دوران کی گئی تھی اور مسلسل رسائی کے شواہد ایک ہی صارف کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ امیدوار کے اہل خانہ کی جانب سے 19 جون کی شام غیر رسمی درخواست موصول ہوئی تھی جس میں امتحانی مرکز دوبارہ ناگپور منتقل کرنے کی گزارش کی گئی تھی۔ این ٹی اے کے مطابق اس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے امیدوار کے والد سے رابطہ کیا گیا اور ضابطے کے مطابق مرکز تبدیل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

Published: undefined

واضح رہے کہ 3 مئی کو منعقد ہونے والا نیٹ یو جی 2026 کا امتحان پرچہ افشا ہونے کی شکایات کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اسی معاملے پر کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے ہفتہ کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج شروع کیا اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ مطالبہ پورا ہونے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

اس دوران لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے امتحان سے قبل امیدواروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس بار امتحان شفاف طریقے سے مکمل ہوگا اور کسی قسم کی بے ضابطگی سامنے نہیں آئے گی۔

Published: undefined

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined