
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہاکہ گزشتہ تین مہینوں میں کورونا نے ملک کو برباد کردیا ہے اور غریب تباہ ہوگئے ہیں اس لئے حکومت کو غریبوں کی مدد کے لئے ’نیائے یوجنا‘ شروع کرنی چاہئے۔
مسٹر گاندھی نے منگل کو جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہاکہ گزشتہ تین مہینوں میں کورونا نے ملک کی معیشت کو تباہ کرکے عوام کو زبردست چوٹ پہنچائی ہے جس سے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے۔ سب سے زیادہ نقصان غریبوں، مزدوروں، درمیانی طبقہ اور نوکری پیشہ لوگوں کو ہوا ہے۔
کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ اس حالت سے نپٹنے کے لئے انہوں نے حکومت کو ’نیائے‘ جیسی ایک اسکیم نافذ کرنے اور اسے کم از کم چھ مہینہ کے لئے چلانے اور ہر غریب کنبہ کے بینک اکاونٹ میں 7,500روپے مہینہ ڈالنے جیسے تین چار مشورے دے، لیکن حکومت نے منع کردیا اور ایک بار نہیں تین چار بار منع کیا اور پیسوں کا نہ ہونا اس کی وجہ بتائی۔
مسٹر گاندھی نے کہاکہ میں ملک کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت نے لاکھوں کروڑ روپے پندرہ سب سے امیر کرونی کیپٹلسٹس کا ٹیکس معاف کیا تھا اور گزشتہ تین مہینوں میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا ہے اور 22بار پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی گئی ہے۔ پیسے کی کوئی کمی نہیں ہے۔ تین لاکھ کروڑ روپے حکومت کے پاس ہیں، تو نریندر مودی جی ’نیائے‘ یوجنا جیسی اسکیم نافذ کیجئے، چھ مہینہ کے لئے چلائیے اور ہر غریب کنبہ کو 7,500روپے مہینہ دیجیے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔