
’نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ‘ (این سی ای آر ٹی) نے 11ویں اور 12ویں جماعت کی پالیٹیکل سائنس کی نئی نصابی کتابیں تیار کرنے والی نئی ٹیم تشکیل دی ہے۔ این سی ای آر ٹی کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد کتابوں میں ثقافتی جڑوں، ہندوستانی نظامِ علم اور شمولیت کو شامل کرنا ہے۔ نئی ٹیم میں کم از کم 4 ماہرین تعلیم اور اسکالرز کا تعلق آر ایس ایس سے ہے۔ ان لوگوں کا آر ایس ایس سے براہ راست یا بالواسطہ تعلق بتایا جا رہا ہے۔ ان کے نام یدوناتھ دیش پانڈے، پرشانت دیویکر، وندنا مشرا اور روی رمیش چندر شکلا ہیں۔ اس خصوصی ٹیم کو کتابوں میں ہندوستانی ثقافتی وابستگی، ہندوستانی علمی روایت اور شمولیت کو شامل کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ 11ویں جماعت کی نصابی کتاب اس سال نومبر تک اور 12ویں جماعت کی کتاب اگلے سال جولائی تک تیار کریں۔
این سی ای آر ٹی کی جانب سے تشکیل دی گئی نئی ٹیم کی قیادت ماہر تعلیم اور سیاسی تجزیہ کار سندیپ شاستری کریں گے۔ وہ کرناٹک میں واقع ایک ڈیمڈ یونیورسٹی ’نٹے‘ (این آئی ٹی ٹی ای) کے نائب صدر ہیں۔ وزارت تعلیم میں سینئر مشیر یدوناتھ دیش پانڈے کا تعلق طویل عرصے سے’اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد‘ (اے بی وی پی) سے رہا ہے۔ آر ایس ایس کے ریکارڈ کے مطابق یدو ناتھ مہاراشٹر میں اے بی وی پی کے ’یونائیٹڈ آرگنائزیشن سکریٹری‘ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے طلباء یونین کی ممبئی- کونکن یونٹ میں بطور سکریٹری بھی کام کیا ہے۔ ان کی ’لنکڈ ان‘ پروفائل میں انہیں بی جے پی کا سیاسی مشیر بتایا گیا ہے۔ پرشانت دیویکر طویل عرصے سے پونے کی ’گیان پربودھینی‘ سے وابستہ ہیں، اور یہ تنظیم آر ایس ایس سے وابستہ ہے۔ ’نیشنل کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن‘ کے نیشنل گائیڈنس مشن پورٹل پر دستیاب ان کے پروفائل کے مطابق ان کا نظریہ ہندوستانی تعلیمی فلسفہ پر مبنی ہے۔ انہوں نے قومی نصاب کے فریم ورک میں تعاون دینے کی بھی معلومات دی ہیں۔
وندنا مشرا جواہر لال نہرو یونی ورسٹی (جے این یو) کے ’مرکز برائے سیاسی مطالعہ‘ میں پروفیسر ہیں۔ وہ اے بی وی پی کی قومی سکریٹری بھی رہ چکی ہیں۔ روی رمیش چندر شکلا جے این یو کے ’مرکز برائے تقابلی سیاست اور سیاسی تھیوری‘ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں۔ وہ ’انڈین جرنل آف ڈیموکریٹک گورننس‘ کے ادارتی بورڈ کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ نئی ٹیم میں جے این یو کے پرکاش کنڈپال، نیشنل لاء یونیورسٹی کی ندھی گپتا، چانکیا یونیورسٹی کے چیتن سنگھائی، دہلی یونیورسٹی کے سوکانشیکا وتس، اگنو کے ستیش کمار، نیشنل یونیورسٹی آف لیگل اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے دیوانشو سریواستو، جندل گلوبل لاء اسکول کے پرنو گپتا، پونڈیچیری یونیورسٹی کے نند کشور اور اتکل یونیورسٹی کی سوپنا پربھو شامل ہیں۔
اس کے علاوہ این سی ای آر ٹی کی سویکا ساگر، بنگلورو میں واقع گورنمنٹ فرسٹ گریڈ کالج کے ایم این سریش کمار، نوی ممبئی نگر پالیکا اسکول کی ڈیانا ازابیل اور ایس ایچ وی این ایم گورنمنٹ گرلز پری یونیورسٹی کالج کی این بھارتی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ این سی ای آر ٹی کے ونتھانگپوئی کھوبونگ اور سبھاش سنگھ ٹیم کے ممبران کوآرڈینیٹر اور کوآرڈینیٹر ہوں گے۔ این سی ای آر ٹی ڈائریکٹر دنیش پرساد سکلانی کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیم سماجی علوم، زبانوں، ہندوستانی تعلیمی نظام، ماحولیاتی تعلیم، اختراع پر مبنی تدریسی طریقوں اور تدریسی مواد سے متعلق نصابی گروپس سے رہنمائی حاصل کرے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔