
نانا پاٹیکر، تصویر سوشل میڈیا @INCIndia
بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار نانا پاٹیکر کا 8 اکتوبر کو گوا میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال ہو گیا تھا۔ اس کے بعد گوا سے ان کی میت پونے واقع ان کے فارم ہاؤس لائی گئی، جہاں ان کی آخری رسومات جمعرات کی دیر شب ادا کی گئیں۔ پونے کے ڈونجے فارم ہاؤس میں ’نانا امر رہیں‘ نعروں کے درمیان آنجہانی اداکار کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ ان کے قریبی لوگوں کے مطابق نانا پاٹیکر کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ان کی آخری رسومات ان کے فارم ہاؤس میں ہی ادا کی جائیں۔ نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار نے ان کے جسد خاکی کو آگ دکھائی۔ اداکار کی اہلیہ بھی آخری رسومات کے دوران موجود تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کی میت رات 10.30 بجے کے بعد فارم ہاؤس میں اس جگہ لائی گئی جہاں آخری رسومات ادا ہونی تھیں۔ آنجہانی اداکار کی میت ترنگے میں لپٹی ہوئی تھی اور اس کے ساتھ مارچنگ بینڈ بھی موجود تھا۔ میت کو ’چِتا‘ پر رکھا گیا تاکہ وہاں موجود لوگ آخری بار ان کا دیدار کر سکیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کر سکیں۔ اس دوران بھیڑ میں ’نانا پاٹیکر امر رہیں!‘ کے نعرے گونجتے رہے۔ انہیں بندوق کی گولیوں سے 3 بار سلامی بھی دی گئی۔
نانا پاٹیکر کی آخری رسومات میں کئی فلمی و سیاسی ہستیوں کی شرکت دیکھنے کو ملی، جن میں جیکی شراف، ساجد ناڈیاڈوالا، انل شرما، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے بھی شامل تھے۔ یہ سبھی اداکار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے آبائی گاؤں پہنچے تھے۔ وزیر اعلیٰ فڑنویس نے پونے میں نانا پاٹیکر کی میت کا آخری دیدار کیا، پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے نانا کے بیٹے اور اہلیہ سے ملاقات کر کے غم کی اس گھڑی میں ان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔