قومی خبریں

مختار انصاری کے چچازاد بھائی منصور نے لی راحت کی سانس، گینگسٹر ایکٹ میں قرق سبھی دکانیں ریلیز کی گئیں

گزشتہ شب تقریباً 8 بجے محمد آباد کے تحصیل دار موقع پر پہنچے اور تمام دکانوں کو ریلیز کرتے ہوئے سبھی کاغذات اور دکانوں کی چابیاں منصور انصاری کے حوالے کر دیں۔

<div class="paragraphs"><p>الٰہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

الٰہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس

 

مختار انصاری کے چچا زاد بھائی منصور انصاری نے گزشتہ شب اس وقت راحت کی سانس لی جب ضلع انتظامیہ نے ان کی قرق کی گئی سبھی دکانوں کو ریلیز کر دیا۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ کارروائی کی گئی ہے۔ گزشتہ شب تقریباً 8 بجے محمد آباد کے تحصیل دار موقع پر پہنچے اور تمام دکانوں کو ریلیز کرتے ہوئے سبھی کاغذات اور دکانوں کی چابیاں منصور انصاری کے حوالے کر دیں۔

ہائی کورٹ نے کئی دن پہلے ہی منصور انصاری کی قرق کی گئی جائیداد کو ریلیز کرنے کا حکم صادر کیا تھا۔ اس کے بعد ریلیز کا حکم لے کر منصور انصاری نے اس وقت کے ضلع مجسٹریٹ اویناش کمار سے ملاقات بھی کی، لیکن ان کی جائیداد ریلیز نہیں ہو پائی تھی۔ بدھ کو ضلع انتظامیہ نے اس تعلق سے کارروائی کرتے ہوئے ان کی تمام دکانوں کو ریلیز کر دیا۔ گزشتہ شب ہی محمد آباد کے تحصیل دار وہاں پہنچے اور تمام دکانوں کو ریلیز کرتے ہوئے کاغذات منصور انصاری کے حوالے کر دیے۔ انتظامیہ کی اس کارروائی پر منصور انصاری نے خوشی کا اظہار کیا اور موجودہ ضلع مجسٹریٹ انوپم شکلا کے کاموں کی تعریف بھی کی۔

قابل ذکر ہے کہ 2023 میں مختار انصاری کے بھائی منصور انصاری کی غازی پور کے محمد آباد میں واقع 18 دکانوں کو ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پر گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے قرق کر لیا گیا تھا۔ اس کے بعد منصور انصاری نے زمین کی قرقی کو لے کر غازی پور عدالت اور پھر الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

اس معاملے میں کئی دنوں تک چلی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے مارچ 2026 میں ہی غازی پور کے ضلع مجسٹریٹ کے قرقی سے متعلق حکم کو منسوخ کرتے ہوئے گینگسٹر ایکٹ کے تحت قرق کی گئی تمام دکانوں کو فوری طور پر ریلیز کرنے کے احکامات دیے تھے۔ عدالت نے تمام دستاویزات کی جانچ کے بعد یہ مانا کہ ان تمام دکانوں کو غیر قانونی جائیداد سے حاصل نہیں کیا گیا تھا۔ اسی بنیاد پر قرقی کے حکم کو منسوخ کیا گیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔