
وزیر اعظم مودی اور صدر ٹرمپ کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان پر عائد تجارتی ٹیرف میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے اسے 25 فیصد سے گھٹا کر 18 فیصد کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر سے اظہارِ تشکر کیا اور اسے ہندوستان-امریکہ شراکت داری کے لیے ایک مثبت اور دور رس قدم قرار دیا۔ یہ اعلان صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک بیان کے ذریعے کیا، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی اور تجارتی حلقوں میں خاصی سرگرمی دیکھی گئی۔
Published: undefined
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ امریکی صدر سے بات چیت انتہائی خوشگوار رہی۔ انہوں نے کہا کہ ’میڈ اِن انڈیا‘ مصنوعات پر ٹیرف میں کمی سے ہندوستانی صنعت، برآمدات اور روزگار کے مواقع کو تقویت ملے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کی 140 کروڑ آبادی کی جانب سے وہ اس فیصلے پر صدر ٹرمپ کے شکر گزار ہیں، کیونکہ اس سے دونوں معیشتوں کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
Published: undefined
وزیر اعظم مودی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جب دنیا کی دو بڑی معیشتیں اور سب سے بڑی جمہوریتیں باہمی تعاون کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں تو اس کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچتے ہیں۔ انہوں نے عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے امریکی صدر کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان امن کے لیے کی جانے والی کوششوں میں امریکہ کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
Published: undefined
اس پیش رفت سے قبل امریکی صدر اور وزیر اعظم کے درمیان فون پر بات چیت ہوئی، جس میں تجارت کے علاوہ عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ بات چیت کے دوران روس۔یوکرین جنگ سمیت توانائی اور تیل کی خریداری جیسے معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک وسیع تر تجارتی مفاہمت پر اتفاق ہوا ہے، جس کے تحت ٹیرف میں کمی کے ساتھ ساتھ غیر ٹیرف رکاوٹوں میں بھی پیش رفت ہوگی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined