پریس کانفرنس کے دوران اروند کیجریوال (ویڈیو گریب)
ملک بھر میں چینی کی قیمت آسمان چھو رہی ہے۔ محض 17 دنوں کے اندر چینی کی قیمت میں تقریباً 20 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ چینی کی بڑھتی ہوئی قیمت پر دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اور عآپ رہنما اروند کیجریوال کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’مودی حکومت یا پھر اَن پڑھ حکومت... یہ لوگ غیر ملکی زر مبادلہ بچانے کے لیے گنے سے ایتھنول بنا رہے تھے۔ اب ملک میں چینی کی کمی ہو گئی ہے اور صرف 17 دنوں میں قیمت 20 روپے بڑھ گئی ہے۔ اب حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ وہی غیر ملکی زر مبادلہ پھونک کر چینی درآمد کرنے کی نوبت آ گئی ہے۔ یہ حکومت ہے یا مذاق؟‘‘
ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ چینی کی سالانہ گھریلو کھپت 280 لاکھ ٹن کے قریب ہے۔ 31 جولائی کو چینی کی قیمت ہول سیل میں 44 روپے فی کلوگرام جبکہ ریٹیل میں 46 روپے فی کلوگرام فروخت ہو رہی تھی۔ یکم اگست کو ہول سیل کی قیمت 46 روپے ہوئی اور ریٹیل کی قیمت 47 روپے پہنچ گئی۔ اس کے بعد سے چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوتا رہے۔ 20 اگست کو چینی کی قیمت ہول سیل میں 60 روپے فی کلوگرام اور ریٹیل میں 65 روپے فی کلوگرام پہنچ گئی ہے۔ پورے ملک میں چینی کی اوسط مِل قیمت 5500-5400 روپے فی کوئنٹل کی اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
قابل ذکر ہے کہ ایک سال قبل چینی کی مِل قیمت 3900 روپے فی کوئنٹل تھی، جس سے پتہ چلتا ہے کہ سالانہ بنیاد پر اس میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔ وزارت برائے صارفین امور کے اعداد و شمار کے مطابق مِل کی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی چینی کی اوسط خوردہ قیمت بھی 13 فیصد بڑھ کر 18 اگست کو 52.3 روپے فی کلوگرام ہو گئی، جو ایک سال قبل 46.34 روپے فی کلوگرام تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔