قومی خبریں

مودی حکومت نے دوبارہ بلایا پارلیمنٹ کا اجلاس، 30 نومبر سے لوک سبھا اور 2 دسمبر سے راجیہ سبھا کی کارروائی

مودی حکومت نے پارلیمنٹ کا اجلاس دوبارہ بلانے کی تجویز پیش کی ہے۔ لوک سبھا 30 نومبر اور راجیہ سبھا 2 دسمبر سے شروع ہوگی۔ اجلاس میں خواتین کے ریزرویشن، حلقہ بندی اور ایس آئی آر پر بحث متوقع ہے

<div class="paragraphs"><p>لوک سبھا، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

لوک سبھا، تصویر سوشل میڈیا

 

نئی دہلی: مرکز کی نریندر مودی حکومت نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا اجلاس دوبارہ بلانے کی تیاری کر لی ہے۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق لوک سبھا کا اجلاس 30 نومبر 2026 سے شروع ہوگا، جب کہ راجیہ سبھا کی کارروائی 2 دسمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ دونوں ایوانوں کی کارروائی 3 دسمبر کو ختم ہو سکتی ہے۔

مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے لوک سبھا اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان کے مطابق یہ اجلاس پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کی ہی کارروائی کا تسلسل ہوگا۔ تاہم، اجلاس کا حتمی پروگرام ایوانوں کے کام کاج کی ضرورتوں کے مطابق طے کیا جائے گا۔

اس اعلان کے بعد کانگریس نے بھی پارلیمنٹ کے مجوزہ اجلاس کے پیش نظر اپنی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی نے جمعہ کو شام 4 بج کر 30 منٹ پر دہلی میں اپنی پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ طلب کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، اس میٹنگ میں پارلیمنٹ کے ممکنہ اجلاس، پارٹی کے موقف اور آئندہ کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پارلیمنٹ کا یہ مجوزہ اجلاس ایسے وقت میں ہونے جا رہا ہے جب خواتین کے ریزرویشن اور حلقہ بندی کے معاملے پر سیاسی سرگرمیاں تیز ہیں۔ خاص طور پر خواتین کو پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں 33 فیصد ریزرویشن دینے کے قانون کو نافذ کرنے کے طریقہ کار اور لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھانے کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں بھی اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نے اپنے وزرا سے آئندہ پارلیمانی اجلاس کے لیے تیار رہنے کو کہا تھا۔

واضح رہے کہ خواتین کے ریزرویشن کو انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی سے جوڑنے والا آئینی ترمیمی بل رواں سال 17 اپریل کو پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں لوک سبھا سے منظور نہیں ہو سکا تھا۔ بل کو آئینی ترمیم کے لیے درکار دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے ہی ملک میں حلقہ بندی کے عمل اور لوک سبھا کی مجموعی نشستوں میں اضافے کو لے کر بحث تیز ہو گئی ہے۔

حلقہ بندی کے حوالے سے زیر بحث تجاویز میں ایک اہم تجویز یہ بھی ہے کہ 1971 کی مردم شماری کی بنیاد پر مختلف ریاستوں میں لوک سبھا کی نشستوں کے موجودہ تناسب کو برقرار رکھتے ہوئے پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں کی مجموعی نشستوں میں 50 فیصد تک اضافہ کیا جائے۔ اس تجویز پر بھی سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے۔

دوسری جانب، پارلیمنٹ کا مجوزہ اجلاس انتخابی فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے معاملے پر بھی اہم ہو سکتا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں اس عمل کو لے کر کئی خدشات ظاہر کر رہی ہیں اور امکان ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں اس موضوع پر بحث کا مطالبہ کریں گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔