
وزیر اعظم نریندر مودی / آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ جس میں ’جنتر منتر‘ پر ہوئے احتجاجی مظاہرے پر رد عمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنتر منتر پر جو کچھ بھی ہوا ہے، اسے پورے ملک اور دنیا نے دیکھا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’کچھ شرارتی بچوں نے انتہائی نازیبا اور غیر مہذب الفاظ کا استعمال کیا، جو کہ کسی بھی مہذب معاشرے کو زیب نہیں دیتا۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’انہیں ذاتی طور پر گالیاں دی گئیں اور ان کی آنجہانی والدہ کے لیے بھی انتہائی قابل اعتراض الفاظ استعمال کیے گئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’واقعہ کی نوعیت انتہائی افسوسناک ہے۔ لیکن وہ اس معاملے پر کسی سے تلخی کے ساتھ نہیں، بلکہ اصلاح اور مثبت فکر کے ساتھ بات کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’بچپن میں غلطی ہونی فطری ہے اور بچپن کی سب سے بڑی خصوصیت یہی ہے کہ اس میں غلطیوں کے ازالہ کا موقع ہوتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ سماج کے اندر اس واقعے کو لے کر جو غصہ ہے، اسے وہ اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ایک ’کلچرل شاک‘ ہے کہ ملک کی بیٹیاں اس قسم کے الفاظ کا استعمال کر سکتی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’یہ وقت ان بچوں کو گلے لگا کر انہیں صحیح راستہ دکھانے کا ہے۔ یہ گمراہ بچے ہیں اور انہیں صحیح راستہ دینا پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ ان بچوں کو سزا دینا، عدالتوں کے چکر کٹوانا یا سماج میں ہراساں کرنے سے حالات نہیں بدل سکتے ہیں۔‘‘
وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’میں انہیں معاف کرنا چاہتا ہوں۔ معاشرہ بھی میرے ان احساسات کو قبول کرے۔ کیونکہ میرے دل میں صرف ایک احساس ہے۔ کبھی کبھی دانتوں تلے ہماری زبان آجاتی ہے، خون بھی نکل جاتا ہے۔ لیکن ہم دانت نہیں توڑتے، کیوں کہ دانت بھی ہمارے ہیں، زبان بھی ہماری ہے اور بچے بھی ہمارے ہیں۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’گمراہ لوگوں کو صحیح راستہ دکھانا آسان کام نہیں ہوتا ہے، لیکن مشکل کاموں کو کرنے کا ہی قصد کرنا چاہئے۔‘‘ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھیں، کچھ نیا سیکھیں اور ملک کی ترقی کے سفر میں معاون بنیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’بچوں آؤ ہم ملک کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھیں۔ اپنی غلطیوں سے بھی سیکھیں، اور اپنے خوابوں کو لے کر آگے بڑھیں۔ ملک بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور آگے ہی بڑھنے والا ہے۔ میرا خواب ہے کہ آپ کا مستقبل روشن ہو۔ میں آپ کے لیے جیتا ہوں اور آپ کے روشن مستقبل کے لیے مسلسل جد وجہد کر رہا ہوں۔‘‘ اپنے پیغام کے آخر میں وزیر اعظم مودی نے ہم وطنوں خصوصاً نوجوانوں سے متحد ہو کر قوم کی تعمیر میں تعاون دینے کی اپیل کی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔